ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / کالی کٹ میں وقف ترمیمی ایکٹ کے خلاف IUML کا زبردست احتجاج؛ دو لاکھ سے زائد لوگ ہوئے شریک

کالی کٹ میں وقف ترمیمی ایکٹ کے خلاف IUML کا زبردست احتجاج؛ دو لاکھ سے زائد لوگ ہوئے شریک

Fri, 18 Apr 2025 02:06:11    S O News
کالی کٹ میں وقف ترمیمی ایکٹ کے خلاف IUML کا زبردست احتجاج؛ دو لاکھ سے زائد لوگ ہوئے شریک

کالی کٹ، 17 اپریل (ایس او نیوز): انڈین یونین مسلم لیگ (IUML) کی جانب سے بدھ کو کالی کٹ (کیرالہ) میں ترمیم شدہ وقف ایکٹ (2025) کے خلاف ایک زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، جس میں دو لاکھ سے زائد لوگوں نے سڑکوں پر اُتر کر اس قانون کی مخالفت کی اور اسے واپس لینے کا مطالبہ کیا۔ ہاتھوں میں پلے کارڈس اُٹھائے احتجاجیوں نے مرکزی حکومت کی پالیسیوں کے خلاف شدید غم و غصے کا اظہار کیا اور وقف املاک کے تحفظ اور مذہبی آزادی کے حق کی مانگ کی۔

ریلی کا افتتاح IUML کے ریاستی صدر پنکاڈ صادق علی شہاب تھنگل نے کیا، جنہوں نے حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ "یہ لڑائی صرف وقف املاک کی حفاظت کی نہیں بلکہ ملک میں جمہوری اقدار کے تحفظ کی بھی ہے۔" انہوں نے الزام عائد کیا کہ ترمیم شدہ وقف ایکٹ کے ذریعے مرکز وقف املاک پر آسانی سے قبضہ کرنے کی راہیں ہموار کر رہا ہے۔ تھنگل نے طنزیہ انداز میں کہا، "پہلے کہا گیا تھا 'چوکیدار چور ہے'، اب وہی چوکیدار تجاوز کرنے والا بن چکا ہے۔"

انہوں نے مزید کہا کہ یہ قانون درگاہوں، مساجد اور مزارات کے قریب موجود وقف زمینوں کو نشانہ بنانے کی ایک سوچی سمجھی سازش کا حصہ ہے، جسے کسی بھی صورت میں قبول نہیں کیا جائے گا۔ تھنگل نے امید ظاہر کی کہ سپریم کورٹ اس غیر آئینی قانون کے خلاف مناسب کارروائی کرے گا۔

iuml-protest-2

مہمان خصوصی کے طور پر کرناٹک سے تشریف فرما، وزیر کرشنا بائرے گوڈا اور تلنگانہ سے پہنچے دناسیری انوسویا، عوام کے اتنے بڑے سمندر کو دیکھ کر دنگ رہ گئے، انہوں نے اپنے خطاب کے دوران کہا کہ احتجاج کے ایک طرف بحر عرب کا ٹھاٹھیں مارتا ہوا سمندر ہے تو دوسری طرف لاکھوں کی تعداد میں احتجاجیوں کا سمندر نظر آرہا ہے۔

مظاہرے سے IUML کے قومی صدر پروفیسر کے ایم قادر محی الدین اور جنرل سکریٹری پی کے کنہالی کٹی نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے حکومت سے پرزور مطالبہ کیا کہ وہ اس ترمیمی ایکٹ کو فوری طور پر واپس لے، کیونکہ یہ ملک کی اقلیتوں کے مذہبی اور قانونی حقوق پر براہ راست حملہ ہے۔ بتایا جارہا ہے کہ ہندوستان میں وقف ایکٹ کی مخالفت میں اب تک کا یہ سب سے بڑا احتجاجی مظاہرہ ہے ، جہاں لاکھوں کی تعداد میں لوگ سڑکوں پر اُترے ہیں۔


Share: