ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / دہلی-میرٹھ ایکسپریس وے پر کہرے کا قہر: 25 گاڑیاں ٹکرا گئیں، متعدد افراد زخمی

دہلی-میرٹھ ایکسپریس وے پر کہرے کا قہر: 25 گاڑیاں ٹکرا گئیں، متعدد افراد زخمی

Wed, 29 Jan 2025 17:00:17    S.O. News Service
دہلی-میرٹھ ایکسپریس وے پر کہرے کا قہر: 25 گاڑیاں ٹکرا گئیں، متعدد افراد زخمی

    غازی آباد، 29/جنوری (ایس او نیوز/ایجنسی  )مودی نگر کے بھوجپور تھانہ علاقے میں بدھ کی صبح دہلی-میرٹھ ایکسپریس وے پر گھنے کہرے کے باعث خوفناک حادثہ پیش آیا۔ تقریباً 25 گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں، جس کے نتیجے میں کئی افراد زخمی ہو گئے۔ اطلاعات کے مطابق، زخمیوں میں نصف درجن سے زائد افراد کی حالت تشویشناک ہے۔ حادثے کے بعد موقع پر افرا تفری مچ گئی، جبکہ ابھی تک کسی جانی نقصان کی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔

ذرائع کے مطابق گھنے کہرے کی وجہ سے حد نگاہ کافی کم ہو گئی تھی جس کی وجہ سے سبھی گاڑیاں یکے بعد دیگرے ایک دوسرے سے ٹکراتی ہوئی چلی گئیں۔ حالانکہ گاڑیوں کی رفتار کم تھی لیکن اچانک ہوئی ٹکر سے حالات قابو سے باہر ہو گئے۔ ٹکر میں شامل گاڑیوں میں کاریں، ٹرک اور دیگر گاڑیاں شامل ہیں۔ حادثے کے بعد پولیس اور بچاؤ ٹیم موقع پر پہنچی اور زخمیوں کو ایمبولنس کے ذریعہ اسپتال بھیجنے کی کارروائی کی۔

حادثے کے بعد دہلی میرٹھ ایکسپریس وے پر کئی کلومیٹر لمبا جام لگ گیا جس سے مسافروں کو کافی پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ پولیس نے حادثہ کی شکار گاڑیوں کو موقع سے ہٹانے کا کام شروع کیا۔ اس دوران ٹریفک دھیمی رفتار سے چلتی رہی۔

واضح ہو کہ دہلی-میرٹھ ایکسپریس وے (ڈی ایم ای) پر ضابطوں پر عمل نہیں کیے جانے سے آئے دن حادثے ہوتے رہتے ہیں۔ اسے روکنے کے لیے روڈ سیکوریٹی کمیٹی کی میٹنگ میں حکم بھی جاری کیے جاتے ہیں۔ اس کے باوجود لاپروائی جاری ہے۔ یہاں پر غلط طریقے سے اسٹینڈ بھی بنا ہوا ہے جس کی وجہ سے ٹیکسی، کار، بسوں کو روک کر مسافروں کو گاڑیوں پر بٹھایا اور اتارا جاتا ہے۔ جبکہ ضابطہ کے تحت دہلی-میرٹھ ایکسپریس وے پر ایسا کرنا منع ہے۔ ان میں ایک پوائنٹ لال کنواں کے پاس، دوسرا پوائنٹ چھجارسی کے پاس، تیسرا پوائنٹ وجئے نگر کے پاس بنایا گیا ہے۔


Share: