ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / ملیکارجن کھرگے وزیر اعلیٰ بننے کے سب سے زیادہ مستحق، نیشنل میڈیا بی جے پی کی ترجمان، سنتوش لاڈ

ملیکارجن کھرگے وزیر اعلیٰ بننے کے سب سے زیادہ مستحق، نیشنل میڈیا بی جے پی کی ترجمان، سنتوش لاڈ

Tue, 29 Jul 2025 10:37:53    S O News

بیلگاوی، 29 /جولائی (ایس او نیوز / ایجنسی) ریاستی وزیر محنت سنتوش لاڈ نے کہا ہے کہ کانگریس کے سینئر لیڈر ملیکارجن کھڑگے وزیر اعلیٰ بننے کے سب سے زیادہ اہل اور مستحق شخص ہیں۔ انہوں نے یاد دلایا کہ کھڑگے نے ایک موقع پر خود کہا تھا کہ اگرچہ وہ وزیر اعلیٰ نہیں بن سکے، لیکن آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے صدر بن گئے، اور اس حقیقت کو تسلیم کرتے ہوئے انہوں نے آگے بڑھنے کا فیصلہ کیا تھا۔

پیر کو بیلگاوی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے سنتوش لاڈ نے کہا کہ 2004 میں انہیں کھڑگے کے ساتھ اسمبلی میں کام کرنے کا موقع ملا تھا۔ کھڑگے ایک ایماندار، نظم و ضبط والے اور تجربہ کار پارلیمنٹرین ہیں، جو ہندوستان کے کسی بھی اعلیٰ عہدے کے لیے موزوں شخصیت ہیں۔

جناردھن ریڈی اور شری راملو کے دوبارہ اتحاد پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ دونوں کئی برسوں سے قریبی دوست ہیں اور وہ خود بھی ان دونوں کے دوست ہیں۔ ان کا اتحاد خوش آئند ہے اور وہ دونوں کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہیں۔

اس کے بعد سنتوش لاڈ نے وزیر اعظم نریندر مودی کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 11 برسوں سے ملک کے عوام کو بیوقوف بنایا جا رہا ہے۔ لوگ وہی دیکھتے ہیں جو نیشنل میڈیا پر پرائم ٹائم میں دکھایا جاتا ہے اور خاموش رہتے ہیں، جبکہ کچھ اینکرز تو ایسے بات کرتے ہیں جیسے بی جے پی کے ترجمان ہوں۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ پارلیمنٹ کا اجلاس جاری ہے تو ایسے وقت میں وزیر اعظم بیرون ملک کیوں گئے؟ وہ اب تک 180 بار بیرون ملک جا چکے ہیں اور تقریباً 90 ملکوں کا دورہ کر چکے ہیں۔ پارلیمنٹ سیشن کے دوران کیا انہیں ملک میں نہیں رہنا چاہیے؟ کیا انہیں ایوان میں آکر جواب نہیں دینا چاہیے؟ کیا ہم سوال نہیں کر سکتے؟ اس ملک کا سب سے غریب شہری بھی سوال کرنے کا حق رکھتا ہے، لیکن یہاں تو نہ کوئی مودی سے سوال کر سکتا ہے اور نہ ہی بی جے پی کے خلاف بول سکتا ہے۔


Share: