ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / کانگریس میں بڑی تبدیلی: بگھیل کو پنجاب اور اجے للو کو اڈیشہ کا انچارج مقرر

کانگریس میں بڑی تبدیلی: بگھیل کو پنجاب اور اجے للو کو اڈیشہ کا انچارج مقرر

Sat, 15 Feb 2025 11:36:05    S O News

نئی دہلی ، 15/فروری (ایس او نیوز /ایجنسی)کانگریس میں تنظیمی سطح پر بڑے پیمانے پر رد و بدل کیا گیا ہے۔ پارٹی نے کئی سینئر اور تجربہ کار رہنماؤں کو نئے جنرل سکریٹری اور انچارج کی حیثیت سے اہم ذمہ داریاں سونپی ہیں۔ کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نے 13 ریاستوں اور 4 مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں نئے انچارجوں کی تقرری کی ہے۔ اس تبدیلی کے تحت بہار، پنجاب اور مدھیہ پردیش سمیت 11 ریاستوں میں نئے انچارج مقرر کیے گئے ہیں۔

کانگریس تنظیم میں بڑے پیمانے پرپھیربدل کرتے ہوئے چھتیس گڑھ کے سابق وزیر اعلی بھوپیش بگھیل کو پنجاب کا جنرل سکریٹری انچارج اور راجیہ سبھا ممبر پارلیمنٹ ناصر حسین کو جموں و کشمیر اور لداخ کا جنرل سکریٹری انچارج مقرر کیا گیا ہے۔ یوپی پردیش کانگریس کے سابق صدر اجے کمار للو کو قومی ٹیم میں جگہ دی گئی ہے اور انہیں اڈیشہ کا انچارج بنایا گیا ہے۔

بہار میں اس سال کے آخر تک انتخابات ہونے والے ہیں۔ ایسے میں کانگریس نے کرشنا الوارو کو بہار کا انچارج مقرر کیا ہے جو اب تک یوتھ کانگریس کے انچارج تھے۔ کرناٹک کے سینئر رہنما بی کے ہری پرساد کو ہریانہ کا انچارج اور راجستھان کے سینئر رہنما ہریش چودھری کو مدھیہ پردیش کا انچارج بنایا گیا ہے۔ میناکشی نٹراجن کو تلنگانہ کا انچارج بنایا گیا۔ رجنی پاٹل کو ہماچل پردیش، چندی گڑھ کا انچارج بنایا گیا ہے۔ انہیں راجیو شکلا کی جگہ یہ ذمہ داری دی گئی ہے۔ کانگریس نےکےراجو کو جھارکھنڈ کا انچارج بنایا گیا ہے۔

اوڈیشہ کے رکن پارلیمنٹ سپتگیری اولاکا کو منی پور، تریپورہ، سکم اور ناگالینڈ کا انچارج بنایا گیا ہے۔ گریش چوڈانکر کو تمل ناڈو اور پڈوچیری کا انچارج بنایا گیا ہے۔ کانگریس نے راجیو شکلا، موہن پرکاش، دیویندر یادو، اجے کمار، دیپک بابریا اور بھرت سنگھ سولنکی کو ریاستی انچارج کی ذمہ داری سے ہٹا دیا ہے ۔ کانگریس کے صدر ملکارجن کھڑگے نے 13 فروری کو سابق ایم ایل اے ہرش وردھن سپکل کو مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کا صدر مقرر کیا تھا۔


Share: