ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / سنجے راؤت کا دعویٰ: مہاراشٹر کو تیسرا نائب وزیر اعلیٰ ملنے کی تیاریاں، سیاسی ماحول گرم

سنجے راؤت کا دعویٰ: مہاراشٹر کو تیسرا نائب وزیر اعلیٰ ملنے کی تیاریاں، سیاسی ماحول گرم

Sat, 25 Jan 2025 10:48:17    S.O. News Service

ممبئی، 25/ جنوری (ایس او نیوز/ایجنسی)شیوسینا یو بی ٹی کے رکن پارلیمنٹ سنجے راؤت نے ایک اور بیان کے ذریعے مہاراشٹر کی سیاست میں پھر سے ہلچل مچا دی ہے۔ جمعہ (24 جنوری) کو انھوں نے کہا کہ مہاراشٹر کو بہت جلد تیسرا نائب وزیر اعلیٰ ملے گا اور اس عہدے کے لیے امیدوار شیوسینا (شندے گروپ) سے ہوگا۔

سنجے راؤت نے میڈیا اہلکاروں سے بات کرتے ہوئے یہ دعویٰ کیا ہے۔ شیوسینا کے دو حصوں میں تقسیم ہونے کے بعد سنجے لگاتار ایکناتھ شندے گروپ والی شیوسینا کو ہدف تنقید بناتے رہے ہیں۔ اس مرتبہ انھوں نے ایکناتھ شندے کی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’’یہ لوگ ای ڈی اور سی بی آئی کے خوف سے بھاگ گئے۔‘‘ ساتھ ہی انھوں نے کہا کہ شیوسینا (یو بی ٹی) ایک مضبوط پارٹی تھی، اور اب بھی یہ مضبوط ہے۔ وہ مزید کہتے ہیں کہ ’’اقتدار آتی ہے اور جاتی ہے، لیکن ہم یہاں اپنے پیروں پر مضبوطی سے کھڑے ہیں۔‘‘

قابل ذکر ہے کہ سنجے راؤت نے ایکناتھ شندے پر یہ حملہ سابق وزیر اعلیٰ کے ایک بیان کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا ہے۔ حال ہی میں مہاراشٹر کے سابق وزیر اعلیٰ اور موجودہ نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے کہا تھا کہ ادھو ٹھاکرے نے سیاسی خواہشات کے لیے بالاصاحب ٹھاکرے کے اصولوں کو چھوڑ دیا۔ انھوں نے ادھو پر براہ راست حملہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’’آپ نے 2019 میں صرف وزیر اعلیٰ کی کرسی کے لیے بالاصاحب ٹھاکرے کے نظریات کو چھوڑ دیا۔ آپ نے ان کے اصولوں کو کچل دیا۔ اس لیے آپ کو بالاصاحب ٹھاکرے میموریل کے بارے میں بات کرنے کا کوئی اخلاقی حق نہیں ہے۔‘‘ ایکناتھ شندے نے یہ تبصرہ جمعرات (23 جنوری) کی شام بالاصاحب ٹھاکرے کے 99ویں یومِ پیدائش کے موقع پر باندرا کُرلا کمپلیکس میں ’شیووتسو‘ تقریب کے دوران کیا تھا۔


Share: