ستارا ، 22 جولائی (ایس او نیوز / ایجنسی) مہاراشٹرا کے ستارا ضلع میں ایک ہولناک واقعے نے سب کو چونکا دیا، جہاں ’ون سائیڈ لو‘ میں مبتلا ایک پاگل عاشق نے اسکولی لڑکی کی گردن پر چاقو رکھ کر دھمکی دی۔
معلومات کے مطابق، نوجوان نے سڑک پر جا رہی ایک نابالغ لڑکی کو روکا اور اس کی گردن پر چاقو رکھ کر کہا: "میں تم سے محبت کرتا ہوں، تم کیوں نہیں کرتی؟" جب لڑکی نے انکار کیا تو اس نے اسے جان سے مارنے کی دھمکی دی۔ موقع پر موجود لوگوں نے بچی کو بچانے کی کوشش کی، لیکن لڑکا چاقو لہراتا رہا۔
کچھ دیر تک یہ ڈرامائی صورتحال جاری رہی، بالآخر ایک بہادر نوجوان نے پیچھے سے آ کر اس کے ہاتھ سے چاقو چھین لیا۔ پھر عوام نے مل کر اس لڑکے کو پکڑ کر خوب پیٹا اور پولیس کے حوالے کر دیا۔
ملزم کی شناخت ستارا کے رہائشی آرین واگھمالے کے طور پر ہوئی ہے۔ اس کے خلاف POCSO ایکٹ اور قتل کی کوشش کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ اس نے پہلے بھی اس لڑکی کو ہراساں کیا تھا، لیکن اس بار حد پار کر دی۔
یہ دل دہلا دینے والا منظر موبائل میں قید ہو چکا ہے، اور واقعہ ستارا ضلع کے کرنجے علاقے میں پیش آیا۔