ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / مہاکمبھ میں بدنظمی کے باعث سڑک حادثات، مرنے والوں کے اہل خانہ کو معاوضہ دینے کا مطالبہ: اکھلیش یادو

مہاکمبھ میں بدنظمی کے باعث سڑک حادثات، مرنے والوں کے اہل خانہ کو معاوضہ دینے کا مطالبہ: اکھلیش یادو

Mon, 17 Feb 2025 11:22:14    S O News

 لکھنؤ، 17/فروری (ایس او نیوز/ایجنسی )سماجوادی پارٹی کے سربراہ اور اترپردیش کے سابق وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو نے مہاکمبھ کے دوران سڑک حادثات میں اضافے پر حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بدنظمی اور ناقص انتظامات کی وجہ سے روزانہ حادثات ہو رہے ہیں، جس میں متعدد عقیدت مند اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ اکھلیش یادو نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر ان حادثات کو روکنے کے لیے اقدامات کرے اور ساتھ ہی مہلوکین کے اہل خانہ کو معاوضہ اور زخمیوں کو مالی امداد فراہم کرے۔

اکھلیش یادو نے کہا، ’’ہر روز عقیدت مندوں کی بھری ہوئی بسیں اور دیگر گاڑیاں حادثے کا شکار ہو رہی ہیں۔ اس کا بنیادی سبب سڑکوں پر شدید ٹریفک جام اور بدانتظامی ہے۔ ڈرائیوروں کو آرام کرنے کا موقع نہیں مل رہا، ان کی نیند پوری نہیں ہو رہی، جس کی وجہ سے وہ نیم غنودگی کی حالت میں گاڑیاں چلا رہے ہیں، نتیجتاً حادثات ہو رہے ہیں۔‘‘

انہوں نے مزید کہا کہ سڑکوں پر پیدل چلنے والے عقیدت مندوں کی حفاظت بھی ایک بڑا چیلنج ہے، کیونکہ ذرا سی لاپروائی جان لیوا ثابت ہو رہی ہے۔ سڑکوں پر رش اور بے ترتیبی کے سبب حادثات بڑھ رہے ہیں، جس کا واحد حل مؤثر انتظامات ہیں، جو حکومت کو یقینی بنانے چاہئیں۔

سماجوادی پارٹی کے سربراہ نے حکومت سے اپیل کی کہ مہاکمبھ کے دوران کسی بھی وجہ سے ہلاک ہونے والے عقیدت مندوں کو ایک ہی زمرے میں رکھا جائے، چاہے ان کی موت بھگدڑ، حادثے یا دم گھٹنے سے ہوئی ہو۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ وہ مہلوکین کے اہل خانہ کو مناسب معاوضہ فراہم کرے اور زخمیوں کو بہتر علاج کے ساتھ ساتھ مالی امداد بھی دی جائے۔

اکھلیش یادو نے حکومت کے اخراجات پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے کہا، ’’جب اربوں روپے تشہیر پر خرچ کیے جا سکتے ہیں تو مہاکمبھ کے دوران جان گنوانے والوں کے اہل خانہ کی مالی مدد کیوں نہیں کی جا سکتی؟ مرکزی اور ریاستی حکومتوں کو مختلف فلاحی فنڈز کے ذریعے متاثرین کو مدد فراہم کرنی چاہیے تاکہ دکھ کی اس گھڑی میں انہیں کچھ راحت مل سکے۔‘‘

انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ بدنظمی کو ختم کر کے مہاکمبھ میں عقیدت مندوں کی سلامتی کو یقینی بنائے تاکہ مزید حادثات کو روکا جا سکے۔


Share: