مڈکیری، 30 جولائی (ایس او نیوز/ایجنسی) — ضلع کوڈاگو کے کوشال نگر کے قریب بدھ کی علی الصبح ایک خوفناک سڑک حادثے میں 36 سالہ اسکوٹر سوار اشوک کی موقع پر ہی موت واقع ہو گئی۔
یہ اندوہناک واقعہ صبح تقریباً ساڑھے تین بجے شیرا نگلہ کے سری مانٹےگاما مندر کے داخلی موڑ پر اس وقت پیش آیا جب اشوک اپنی اسکوٹر پر کوننور سے کوشال نگر کی طرف جا رہا تھا۔ اسی دوران ایک تیز رفتار لاری نے اچانک ٹکر ماری، جس کے نتیجے میں اشوک کو شدید چوٹیں آئیں اور اس نے موقع پر ہی دم توڑ دیا۔
متوفی کی شناخت اشوک کے طور پر کی گئی ہے، جو پیریاپٹنہ تعلقہ کے کانگلو ہوبلی کے چامَراینا کوٹے گاؤں کا رہائشی تھا۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس چندرشیکھر، سرکل انسپکٹر دینیش، ٹریفک انسپکٹر سرینواس اور دیگر پولیس افسران فوری طور پر جائے وقوع پر پہنچے اور کیس درج کر کے معاملے کی تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔
اشوک کے پسماندگان میں ان کی بیوی، ایک بیٹا اور ایک بیٹی شامل ہیں۔