ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / ایل جی کے معائنے پر دیویندر یادو کا بیان: ’دہلی کی بدحالی کے لیے بی جے پی اور عام آدمی پارٹی برابر کے ذمہ دار‘

ایل جی کے معائنے پر دیویندر یادو کا بیان: ’دہلی کی بدحالی کے لیے بی جے پی اور عام آدمی پارٹی برابر کے ذمہ دار‘

Mon, 23 Dec 2024 10:46:39    S.O. News Service

نئی دہلی، 23/دسمبر (ایس او نیوز /ایجنسی)دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر (ایل جی) ونے کمار سکسینہ نے حالیہ دنوں میں شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے ناقص حالات کا معائنہ کیا۔ دہلی کانگریس کے صدر دیویندر یادو نے اس دورے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ دہلی کی بدحالی کے لیے بی جے پی اور عام آدمی پارٹی دونوں یکساں طور پر ذمہ دار ہیں اور یہ صرف سیاسی مقاصد کے تحت کی جانے والی کارروائی ہے۔

دیویندر یادو نے کہا کہ دہلی کی عوام کئی سالوں سے گندگی، بجلی اور پانی کی ناقص سپلائی، گندے پانی، ابلتے سیور، اور غیرقانونی کالونیوں میں ناروا زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ کانگریس گزشتہ کئی سالوں سے اس بدحالی کو اجاگر کرتی آرہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ دہلی انصاف یاترا کے دوران 650 کلومیٹر کا سفر کر کے دہلی کی عوام کے مسائل کو قریب سے محسوس کیا۔ انہوں نے عام آدمی پارٹی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مفت پانی اور سستی بجلی کے وعدے عوام کے لیے نقصاندہ ثابت ہوئے ہیں، اور بجلی کے بھاری بلوں سے ہر طبقہ پریشان ہے۔

یادو نے الزام لگایا کہ ایل جی کا بی جے پی کے ممبران پارلیمنٹ کے ساتھ دورہ کرنا اور اصل مسائل جیسے خواتین پر مظالم، بڑھتے جرائم، اور ریڑھی پٹری ایکٹ پر کوئی گفتگو نہ کرنا ناقابلِ فہم ہے۔

انہوں نے کہا کہ کانگریس ہمیشہ غریبوں کے حقوق کے لیے آواز اٹھاتی رہی ہے۔ دہلی انصاف یاترا کے دوران ہر طبقے سے ملاقات کے بعد یہ واضح ہوا کہ بی جے پی اور عام آدمی پارٹی کی حکومتوں نے دہلی کو بدحالی کے گڑھے میں دھکیل دیا ہے۔

دیویندر یادو نے کہا کہ جہاں اروند کیجریوال نے دہلی کو لندن بنانے کا وعدہ کیا، وہیں بی جے پی نے جھگی جھونپڑیوں کو مکانات دینے کے وعدے پر عمل نہیں کیا۔ دونوں جماعتیں صرف انتخابات کے وقت غریبوں کو یاد کرتی ہیں۔

انہوں نے کانگریس کی حکومت کے 15 سالہ دور کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ اُس وقت دہلی نے تعلیم، صحت، ٹرانسپورٹ، اور دیگر شعبوں میں ترقی کی بلندیوں کو چھوا تھا، لیکن کیجریوال حکومت نے دہلی کے عوام کو مایوسی کے سوا کچھ نہیں دیا۔

یادو نے ایل جی کے حالیہ دورے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر وہ غریبوں کے حقوق کی حمایت کریں گے تو دہلی کی عوام اگلے اسمبلی انتخابات میں بہتر فیصلہ لے سکے گی۔


Share: