نئی دہلی، 31/دسمبر (ایس او نیوز/ایجنسی )پارلیمنٹ میں ڈاکٹر امبیڈکر سے متعلق مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کے متنازعہ بیان پر ہنگامہ بڑھتا جا رہا ہے۔ کانگریس کے بعد اب بایاں محاذ پارٹیاں بھی امت شاہ کے خلاف میدان میں اتر آئی ہیں۔ بایاں محاذ کے رہنماؤں نے مظاہروں کے دوران امت شاہ سے معافی مانگنے اور وزیر داخلہ کے عہدے سے استعفیٰ دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ کانگریس نے پہلے ہی اس بیان کو امبیڈکر کی توہین قرار دیتے ہوئے امت شاہ کے خلاف سخت کارروائی کی مانگ کی تھی۔
بایاں محاذ پارٹیوں نے بابا صاحب بھیم راؤ امبیڈکر پر مرکزی وزیر داخلہ کے تبصرہ کے خلاف پیر کے روز جنتر منتر پر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مارکسوادی کمیونسٹ پارٹی (سی پی ایم)، بھارتیہ کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (سی پی آئی)، بھارتیہ کمیونسٹ پارٹی (مالے)، ریوولیوشنری سوشلسٹ پارٹی (آر ایس پی) ارو کچھ دیگر پارٹیوں کے اراکین نے اس احتجاجی مظاہرہ کے دوران امت شاہ کے خلاف نعرہ بازی کی اور کہا کہ انھیں استعفیٰ دینا چاہیے یا پھر ہٹا دیا جانا چاہیے۔
یہ احتجاجی مظاہرہ مرکزی سطح پر بایاں محاذ پارٹیوں کے ذریعہ شروع کردہ ملک گیر تحریک کا حصہ تھا۔ اس موقع پر سی پی ایم لیڈر حنان ملا نے کہا کہ ’’امبیڈکر نے ہمیں اپنا ایک ایسا آئین دیا جس نے ہمیں ہمارے ذاتی حقوق دیے۔ بی جے پی ان کا احترام نہیں کرتی ہے۔ بی جے پی کے لوگ آئین کی مخالفت کرنے والے ہیں اور وہ چاہتے ہیں کہ ملک ’منوسمرتی‘ کی بنیاد پر چلے۔‘‘ انھوں نے الزام عائد کیا کہ وزیر داخلہ نے جس طرح کے الفاظ کا استعمال کیا، وہ آئین ساز کی بے عزتی تھی۔ ملا نے یہ بھی کہا کہ شاہ کو ان کے عہدہ سے فوری طور پر ہٹا دیا جانا چاہیے۔