ممبئی ، 8/ جنوری (ایس او نیوز/ایجنسی)چین میں پھیلنے والے ہیومن میٹانیومو وائرس (ایچ ایم پی وی) کے متاثرہ مریضوں کی تعداد ہندوستان میں بھی بڑھ رہی ہے۔ اس صورتحال کے پیش نظر، بامبے ہائی کورٹ کی ناگپور بنچ میں منگل کو ایک وکیل نے عرضی دائر کی۔ عرضی میں اس نئے وائرس کے بارے میں خدشات کو نظر میں رکھتے ہوئے مہاراشٹر حکومت کو فوری اقدامات اٹھانے کی درخواست کی گئی ہے۔ عرضی گزار وکیل شری رنگ بھنڈارکر نے کہا کہ ’’ہائی کورٹ نے 2020 میں کووڈ-19 وبا کا نوٹس لیا تھا، اور ایچ ایم پی وی کے معاملے میں بھی عالمی اور مقامی سطح پر اسی طرح کے اقدامات کی ضرورت ہے۔‘‘ ذرائع کے مطابق، ہائی کورٹ اس عرضی پر 10 جنوری کو سماعت کر سکتا ہے۔
واضح ہو کہ اگست 2020 میں ناگپور بنچ نے کووڈ-19 وباء کا نوٹس لیا تھا اور ریاستی حکومت کو اس حوالے سے کئی ہدایات دی گئی تھیں۔ وکیل شری رنگ کی عرضی میں ایچ ایم پی وی کے تعلق سے بھی کچھ ایسی ہی سرگرمی دکھانے کی گزارش کی گئی ہے۔ اس عرضی میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ایچ ایم پی وی کے رپورٹ کردہ معاملوں میں ہوا اضافہ اس سے متعلق تیاریوں اور فعال صحت عامہ کے اقدامات کی ضرورت پر زور دیتا ہے۔ ساتھ ہی عرضی میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ہائی کورٹ ریاست کے محکمہ صحت کو اس بات کی ہدایت دے کہ ایچ ایم پی وی کی نگرانی، ٹیسٹ اور رپورٹنگ میں تیزی لانے کے لیے ایک ٹاسک فورس تشکیل دے۔ علاوہ ازیں ہائی کورٹ حکومت کو ہدایت دے کہ ایچ ایم پی وی کی علامات، ٹرانسمیشن اور روک تھام پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے صحت عامہ سے متعلق بیداری مہم شروع کرے۔
واضح ہو کہ چین میں پھیلے ہیومن میٹانیومو وائرس (ایچ ایم پی وی) کے کیسز کی تعداد ہندوستان میں بھی تیزی کے ساتھ بڑھنے لگی ہیں۔ میڈیا کے مختلف ذرائع سے ملی اطلاعات کے مطابق ہندوستان کی مختلف ریاستوں میں ہیومن میٹانیومو وائرس (ایچ ایم پی وی) سے متاثرین کی تعداد 10 ہو چکی ہے۔ گزرتے وقت کے ساتھ اس تعداد میں مزید اضافے کا امکان ہے۔