ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / 18 ماہ بعد 'مردہ' للیتا بائی زندہ واپس آگئیں، ملزمان بدستور جیل میں، سنسنی خیز انکشاف

18 ماہ بعد 'مردہ' للیتا بائی زندہ واپس آگئیں، ملزمان بدستور جیل میں، سنسنی خیز انکشاف

Sun, 23 Mar 2025 12:06:50    S O News

بھوپال ، 23/ مارچ (ایس او نیوز /ایجنسی )مدھیہ پردیش میں ایک حیرت انگیز واقعہ سامنے آیا، جہاں 18 ماہ پہلے مردہ قرار دی گئی للیتا بائی اچانک اپنے گاؤں لوٹ آئیں۔ حیران کن طور پر، ان کی آخری رسومات بھی ادا کی جا چکی تھیں، اور ان کے قتل کے الزام میں چار افراد اب بھی جیل کی سلاخوں کے پیچھے ہیں۔ یہ واقعہ مقامی افراد اور حکام کے لیے شدید حیرت اور سوالات کا باعث بن گیا ہے۔

للیتا بائی ستمبر 2023 میں لاپتہ ہو گئی تھیں۔ کچھ دن بعد ایک ٹرک حادثہ میں ایک خاتون کی مسخ شدہ لاش ملی، جسے للیتا کے والد نے اپنی بیٹی سمجھ کر شناخت کر لیا۔ بعد ازاں قتل کا مقدمہ درج کر کے چار افراد— عمران، شاہ رخ، سونو اور اعجاز— کو گرفتار کر لیا گیا۔

حال ہی میں للیتا بائی زندہ واپس آئیں اور گاندھی ساگر پولیس اسٹیشن پہنچ کر اپنی شناخت ظاہر کی۔ ان کا کہنا تھا کہ شاہ رخ نامی شخص نے انہیں اغوا کر کے بھانپورہ لے گیا تھا، جہاں انہیں 5 لاکھ روپے میں فروخت کر دیا گیا۔ بعد میں وہ راجستھان کے ایک کوٹھے پر پہنچا دی گئیں، جہاں وہ 18 ماہ تک قید رہیں۔ بالآخر وہ وہاں سے فرار ہو کر گھر پہنچنے میں کامیاب ہوئیں۔

پولیس نے للیتا بائی کا میڈیکل معائنہ اور ڈی این اے ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ جھابوہ کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس پدم ولوچن شکلا کے مطابق عدالت نے کیس کی تازہ تفصیلات طلب کر لی ہیں، جبکہ گواہوں کے بیانات بھی دوبارہ ریکارڈ کیے جائیں گے۔ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی فیصلہ کیا جائے گا کہ جیل میں قید ملزمان کے خلاف کیا کارروائی کی جائے گی۔


Share: