نئی دہلی ، 8/مارچ (ایس او نیوز /ایجنسی)انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے بانی اور بی سی سی آئی کے سابق صدر للت مودی نے وانوآتو کی شہریت اختیار کر لی ہے۔ ان کے قانونی مشیر محبوب عبدی نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ مودی نے ہندوستانی پاسپورٹ سرینڈر کرنے کے تمام رسمی مراحل مکمل کر لیے ہیں۔
محبوب عبدی نے مزید وضاحت کی کہ للت مودی کے خلاف کسی بھی ہندوستانی عدالت میں کوئی الزام عائد نہیں کیا گیا اور نہ ہی کسی تحقیقاتی ایجنسی نے ان کے خلاف کوئی چارج شیٹ داخل کی ہے۔
وانوآتو ایک چھوٹا سا جزیرہ ملک ہے جو بحرالکاہل کے جنوبی حصے میں واقع ہے۔ للت مودی کی جانب سے ہندوستانی شہریت چھوڑ کر وانوآتو کی شہریت حاصل کرنا ایک بڑا قدم سمجھا جا رہا ہے، جس سے ہندوستان کے لیے اس کی حوالگی مزید مشکل ہو سکتی ہے۔
ہندوستانی وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے بتایا کہ للت مودی نے لندن میں ہندوستانی ہائی کمیشن میں اپنا پاسپورٹ سرینڈر کرنے کی درخواست دی ہے، جس پر موجودہ قوانین کے تحت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ حکومت ہندوستان میں ان کے خلاف قانونی کارروائی جاری رکھے گی۔
یاد رہے کہ للت مودی پر مالی بے ضابطگیوں، منی لانڈرنگ اور بدعنوانی کے الزامات لگ چکے ہیں، جن کے بعد وہ 2010 میں ہندوستان چھوڑ کر برطانیہ منتقل ہو گیا تھا۔ اس سے قبل، کاروباری شخصیت میہل چوکسی نے بھی اینٹیگوا کی شہریت حاصل کر کے ہندوستان سے فرار کا راستہ اختیار کیا تھا۔
وانوآتو کی شہریت حاصل کرنے کے بعد ہندوستان کی انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) اور حکومت کے لیے للت مودی کی حوالگی مزید مشکل ہو جائے گی، کیونکہ کئی ممالک کی طرح وانوآتو بھی اپنے شہریوں کو بآسانی کسی اور ملک کے حوالے نہیں کرتا۔