بنگلورو، 10/ مئی (ایس او نیوز ) ہندوستان اور پاکستان کے درمیان بڑھتی ہوئی سرحدی کشیدگی کے تناظر میں ریاست کرناٹک میں بھی ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ تمام اضلاع کے حساس مقامات پر سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے جا رہے ہیں، اور پولیس و دیگر حفاظتی اداروں کو کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
اس حوالے سے ریاستی انٹلی جنس محکمے نے ایک ہدایت نامہ جاری کیا ہے۔سرکلر میں انتظامی عمارتوں، دفاعی ادارہ، سکیورٹی ادارہ ، سائنسی تحقیقی مراکز، ہوائی اڈوں ، آبی ذخائر، سیٹلائٹ اسٹیشن ، ہائیڈرو الیکٹرک پلانٹس ، تھرمل پلانٹس، سافٹ ویئر کمپنیوں ، پٹروالیم اور قدرتی گیس پلانٹس ، گیس پائپ لائن کے مراکز ، عوامی بھیڑ بھاڑ والے رش شاپنگ مال اور اسٹار ہوٹلوں میں ہائی سکیورٹی فراہمی کی ہدایت دی گئی ہے۔
انٹلی جنس محکمے کی جانب سے جاری کردہ سرکلر میں واضح طور پر ہدایت دی گئی ہے کہ غیر ملکی سفارت خانوں، ان کی رہائش گاہوں، مذہبی مقامات جیسے مندروں، مساجد، گرجا گھروں اور دیگر عوامی مقامات پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے جائیں۔ اس کے ساتھ ہی تمام مقامات پر نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی کارکردگی کو چیک کرنے اور فعال رکھنے کی تاکید کی گئی ہے۔ سرکلر میں ان افراد پر بھی خصوصی نظر رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے جو ماضی میں دہشت گردی، بم سازی یا دھماکوں میں ملوث رہے ہیں۔ ان جگہوں پر بھی کڑی نگرانی کی جائے گی جہاں بارودی مواد یا ڈیٹونیٹر جیسے خطرناک آلات تیار کیے جا سکتے ہیں۔ مزید یہ کہ ان عناصر پر بھی نظر رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے جو مذہبی شدت پسندی کے ذریعہ معاشرے میں خوف و ہراس پھیلانے کی کوشش کرتے ہیں یا سوشیل میڈیا کے ذریعے دہشت گردانہ مواد شیئر کرتے ہیں۔ ایسے افراد کے خلاف فوری کارروائی کے لیے سیکورٹی ایجنسیوں کو الرٹ رہنے کی تاکید کی گئی ہے۔
انٹلی جنس محکمے کی جاری کردہ ہدایت میں کہا گیا ہے کہ سوشیل میڈیا پر جھوٹی، گمراہ کن یا اشتعال انگیز خبریں پھیلانے والوں پر کڑی نظر رکھی جائے۔ خاص طور پر ایسے افراد جو کسی شہر یا ضلع میں باہر سے آ کر قیام کرتے ہیں، ان کی سرگرمیوں، طرزِ عمل اور آمد و رفت پر قریبی نگرانی رکھنے کی تاکید کی گئی ہے۔ ان اجنبی یا مشکوک افراد کے قیام کے مقامات، جیسے ہوٹلز، لاجز یا کرائے کے مکانات کی تفصیلات بھی مقامی پولیس کو حاصل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔