بنگلورو، 26/ جولائی (ایس او نیوز /ایجنسی) :کرناٹک اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن (کے ایس آر ٹی سی) نے انسانی ہمدردی اور فلاحی جذبے کے تحت ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے جاں بحق ملازمین کے اہل خانہ کو مالی امداد اور ملازمتیں فراہم کی ہیں۔ بنگلورو میں منعقدہ ایک خصوصی تقریب کے دوران 45 افراد کو رحم کی بنیاد پر ملازمت کے تقرری خطوط دیے گئے، جبکہ حادثات یا بیماریوں سے انتقال کرنے والے ملازمین کے ورثاء میں مجموعی طور پر 30 کروڑ روپے سے زائد کی رقم بطور معاوضہ تقسیم کی گئی۔
اس موقع پر ریاستی وزیر برائے ٹرانسپورٹ و مزراعی رام لنگا ریڈی، کے ایس آر ٹی سی کے نائب صدر محمد رضوان نواب اور مینیجنگ ڈائریکٹر اکرم پاشاہ موجود تھے۔ وزیر ٹرانسپورٹ نے اپنے خطاب میں کہا کہ جو ملازمین ادارے کی خدمت میں اپنی زندگیاں وقف کرتے ہیں، ان کے اہل خانہ کی مدد کرنا حکومت کی اخلاقی ذمہ داری ہے۔
تقریب میں بتایا گیا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران کے ایس آر ٹی سی نے 271 افراد کو رحم کی بنیاد پر ملازمتیں دی ہیں، جن میں سے آج 45 افراد کو تقرری خطوط دیے گئے۔ یہ ملازمتیں ان خاندانوں کے افراد کو دی گئی ہیں جن کے کفیل، یعنی کے ایس آر ٹی سی کے ملازمین ڈیوٹی کے دوران یا اس کے بعد وفات پا گئے تھے۔
انشورنس اسکیم کے تحت، اگر کوئی ملازم ڈیوٹی کے دوران حادثے میں جاں بحق ہو جائے تو اس کے اہل خانہ کو ایک کروڑ روپے بطور بیمہ دیا جاتا ہے۔ اب تک 26 خاندانوں کو اس اسکیم کے تحت ایک کروڑ روپے کی رقم دی جا چکی ہے، جبکہ آج ایک اور خاندان کو چیک دیا گیا، جس کے بعد یہ تعداد 27 ہو گئی۔ اس مد میں کے ایس آر ٹی سی نے اب تک 27 کروڑ روپے ادا کیے ہیں۔
اسی طرح، دل کا دورہ، کینسر یا دیگر قدرتی وجوہات سے وفات پانے والے ملازمین کے اہل خانہ کو فی کس 10 لاکھ روپے دیے جا رہے ہیں۔ آج 26 ورثاء کو کل 2.60 کروڑ روپے کے چیک دیے گئے، جب کہ اب تک اس مد میں 151 خاندانوں کو 15.10 کروڑ روپے ادا کیے جا چکے ہیں۔
اسی تقریب میں "آئیراوت کلب کلاس 2.0" کی پانچ نئی بسوں کو ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا گیا۔ یہ جدید بسیں بنگلور-تروپتی، منگلور-بنگلور اور میسور-منترالیا روٹس پر چلائی جائیں گی۔ ان بسوں میں آرام دہ نشستیں، USB چارجنگ، GPS سسٹم، سیکورٹی کیمرے اور دیگر جدید سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔
تقریب کے دوران وزیر ٹرانسپورٹ اور نائب صدر نے ورثاء سے ملاقات کر کے انہیں تلقین کی کہ وہ معاوضہ کی رقم بچوں کی تعلیم، مکان اور بہتر مستقبل کے لیے استعمال کریں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ غیر ضروری مشوروں اور سود خوروں سے بچا جائے تاکہ معاوضہ کی رقم کا صحیح استعمال ہو سکے۔
اس موقع پر کے ایس آر ٹی سی کے دیگر اعلیٰ افسران، عملہ، انجینئرز اور عوامی نمائندگان بھی موجود تھے۔
