ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / کرناٹک کے ایس آر ٹی سی ملازمین کی مجوزہ ہڑتال پر انتظامیہ کا سخت انتباہ، غیرحاضری پر تنخواہ کٹوتی اور کارروائی کا اعلان

کرناٹک کے ایس آر ٹی سی ملازمین کی مجوزہ ہڑتال پر انتظامیہ کا سخت انتباہ، غیرحاضری پر تنخواہ کٹوتی اور کارروائی کا اعلان

Mon, 18 May 2026 20:02:42    S O News

بنگلورو ، 18/مئی (ایس او نیوز /ایجنسی)کرناٹک اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن (کے ایس آر ٹی سی) نے 20 مئی 2026 سے مجوزہ غیرمعینہ مدت کی ہڑتال کے پیش نظر اپنے ملازمین کو سخت انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہڑتال میں شریک ہونے والے ملازمین کے خلاف قانونی اور محکمہ جاتی کارروائی کی جائے گی، جبکہ غیرحاضری کی صورت میں ’’کام نہیں تو تنخواہ نہیں‘‘ کے اصول پر عمل کیا جائے گا۔

کارپوریشن کے منیجنگ ڈائریکٹر اکرم پاشاہ کی جانب سے جاری سرکاری سرکیولر میں کہا گیا ہے کہ ریاستی روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشنوں کی مشترکہ ایکشن کمیٹی نے مختلف مطالبات کی منظوری کیلئے 20 مئی سے غیرمعینہ مدت کی ہڑتال کا اعلان کیا ہے، تاہم کرناٹک حکومت کی جانب سے روڈ ٹرانسپورٹ خدمات کو ’’ضروری عوامی خدمت‘‘ قرار دیا گیا ہے، اس لئے ملازمین کو ہڑتال کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

سرکیولر میں کہا گیا ہے کہ کرناٹک ضروری خدمات ایکٹ 2013 اور انڈسٹریل ڈسپیوٹس ایکٹ 1947 کے تحت جب معاملہ مصالحتی کارروائی میں ہو تو عوامی خدمات سے وابستہ ملازمین ہڑتال نہیں کر سکتے۔ کارپوریشن انتظامیہ نے تمام ڈویژنل کنٹرولنگ افسران، ورکشاپ مینیجروں اور تربیتی مراکز کے پرنسپلز کو ہدایت دی ہے کہ 20 مئی سے بس خدمات متاثر نہ ہونے پائیں اور تمام احتیاطی انتظامات فوری طور پر نافذ کئے جائیں۔

جاری کردہ ہدایات کے مطابق ہڑتال کے دوران غیرضروری چھٹیاں منظور نہیں کی جائیں گی۔ ڈیوٹی سے غیرحاضر رہنے والے ملازمین کی تنخواہ کاٹی جائے گی۔ ضرورت پڑنے پر ہفتہ وار تعطیلات بھی منسوخ کرکے ملازمین کو خدمات انجام دینے کیلئے طلب کیا جا سکتا ہے۔ غیرحاضر ملازمین کے خلاف محکمہ جاتی کارروائی بھی عمل میں لائی جائے گی۔

سرکیولر میں کرناٹک ہائی کورٹ کے 29 جنوری 2004 کے فیصلے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ غیرمجاز غیرحاضری کی صورت میں تنخواہ کٹوتی کے ساتھ ساتھ تادیبی کارروائی بھی قانونی طور پر کی جا سکتی ہے۔

دوسری جانب کرناٹک اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن ایس سی/ایس ٹی ایمپلائز یونین نے ہڑتال سے علیحدگی اختیار کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ یونین کے ریاستی صدر ایف ایچ جکپنوار کی ہدایت پر جاری مکتوب میں بتایا گیا ہے کہ یونین فوری طور پر مشترکہ ایکشن کمیٹی سے الگ ہو رہی ہے اور اب اس کے عہدیداران و اراکین مجوزہ ہڑتال میں حصہ نہیں لیں گے۔

اس سلسلے میں یونین کے ریاستی کارگزار صدر روی پرکاش اور ریاستی جنرل سکریٹری وینکٹ رمنپا نے باضابطہ طور پر کارپوریشن انتظامیہ کو اطلاع دے دی ہے۔

واضح رہے کہ ٹرانسپورٹ ملازمین کی مختلف تنظیمیں تنخواہوں، مراعات اور دیگر مطالبات کی منظوری کیلئے ریاست گیر احتجاج اور ہڑتال کی تیاری کر رہی ہیں، جس کے باعث عوامی ٹرانسپورٹ خدمات متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔


Share: