کوٹہ ، 16/فرور ی (ایس او نیوز /ایجنسی)راجستھان کے کوٹہ میں واقع فرٹیلائزر کیمیکل لمیٹڈ میں ہفتہ (15 فروری) کو گیس لیک ہونے کا واقعہ پیش آیا، جس کے باعث 14اسکولی بچے بے ہوش ہو گئے۔ ان میں سے 7 بچوں کو فوری طور پر کوٹہ ایم بی ایس اسپتال میں داخل کرایا گیا، جبکہ باقی بچوں کا علاج سی ایف سی ایل ڈسپنسری میں جاری ہے۔ واقعے کے بعد علاقے میں افرا تفری مچ گئی۔ ذرائع کے مطابق، کوٹہ-باراں ہائی وے پر گڑھے پان میں واقع سی ایف سی ایل کیمیکل فیکٹری سے اچانک دوپہر کے وقت گیس کا اخراج ہوا، جس کی زد میں آنے سے14بچے متاثر ہو گئے۔
فی الحال گیس لیک ہونے کی اصل وجہ معلوم نہیں ہو سکی۔ حادثے کے بعد جائے وقوع پر پہنچی انتظامیہ کی ٹیم واقعے کی تحقیقات میں مصروف ہے۔ تحقیقات کے بعد ہی قصورواروں کے خلاف مناسب کارروائی کی جائے گی۔ وہیں اس واقعہ کی اطلاع ملنے کے بعد جائے وقوع پر مقامی لوگوں کی بھیڑ اکٹھی ہو گئی۔ ساتھ ہی مقامی لوگوں نے کمپنی کے افسران پر لاپرواہی کا الزام عائد کرتے ہوئے احتجاج شروع کر دیا۔ اس دوران موقع پر موجود افسران نے لوگوں کو سمجھانے کی کوشش کی۔ حالانکہ مقامی لوگ اور افسران کے درمیان بھی جھڑپ ہو گئی، فی الحال حالات قابو میں ہیں۔
واقعہ کی اطلاع ملنے کے بعد جائے وقوع یعنی اسکول پر ضلع کلکٹر رویندر گوسوامی اور دیہی ایس پی سجیت کمار بھی پہنچ گئے ہیں۔ دیہی ایس پی سجیت شنکر نے اس واقعہ کے حوالے سے کہا کہ ’’کمپنی میں گیس رِساؤ کی وجہ سے 14 بچے بیہوش ہو گئے تھے، جنہیں علاج کے لیے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ پورے معاملے کی تحقیقات جاری ہے۔ تحقیقات کے بعد ہی آگے کی کارروائی کی جائے گی۔‘‘