ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / کرناٹک کو منشیات سے پاک ریاست بنانے کا فیصلہ: ریاستی سطح پر سخت کریک ڈاؤن کا اعلان

کرناٹک کو منشیات سے پاک ریاست بنانے کا فیصلہ: ریاستی سطح پر سخت کریک ڈاؤن کا اعلان

Wed, 23 Jul 2025 17:59:21    S O News

بنگلورو، 23 جولائی (ایس او نیوز / ایجنسی)ریاست کرناٹک کو منشیات سے پاک بنانے کے مقصد سے ریاستی حکومت نے ریاست گیر سطح پر سخت کریک ڈاؤن شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس تعلق سے چیف سکریٹری ڈاکٹر شالینی رجنیش نے تمام اضلاع کے افسران کو واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ منشیات کے خاتمے کے لیے زمینی سطح پر مؤثر اقدامات کیے جائیں اور ہر پولیس تھانے کو ‘میپ-ڈرگس’ ایپ استعمال کرنے کی مکمل تربیت دی جائے۔

ڈاکٹر شالینی رجنیش نے حال ہی میں ودھان سودھا میں منعقدہ چھٹی ریاستی نارکو کوآرڈینیشن کمیٹی کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ منشیات سے متعلق تمام معلومات کنڑا زبان میں بھی سرکاری ویب سائٹ پر فراہم کی جائیں تاکہ عوام تک مکمل آگہی پہنچ سکے۔ انہوں نے بیلگاوی ضلع میں اختیار کردہ انسداد منشیات ماڈل کو ریاست کے دیگر اضلاع میں نافذ کرنے کی ہدایت بھی دی۔

ایئرپورٹس پر نگرانی سخت کرنے، منشیات کی اسمگلنگ روکنے کے لیے کسٹمز حکام کو بھی کمیٹی میں شامل کرنے اور غیر رجسٹر شدہ دوا ساز کمپنیوں کے خلاف قانونی کارروائی کی تاکید کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ تمام میڈیکل اسٹورز پر "بغیر نسخے کے فروخت ممنوع ہے" کے سائن بورڈز آویزاں کرنا لازمی قرار دیا جائے۔

ڈاکٹر رجنیش نے مزید کہا کہ نشہ سے نجات مراکز کی نگرانی کو مؤثر بنانے اور عوام میں بیداری پیدا کرنے کے لیے ٹھوس ایس او پیز (معیاری عملی طریقہ کار) تیار کیے جائیں۔ تمام ضلع ڈپٹی کمشنران کو ہدایت دی گئی کہ وہ ہر ماہ کم از کم ایک ڈی ایڈکشن سنٹر کا دورہ کر کے رپورٹ جمع کریں۔

طلباء میں منشیات کے استعمال کی روک تھام کے لیے ہاسٹلز میں ڈرگ ٹیسٹنگ کٹس کے ذریعے جانچ کی جائے اور اگر کوئی طالبعلم مثبت پایا جائے تو اس پر سخت کارروائی کی جائے۔ انہوں نے ریاست بھر میں ضلع سطح پر اے این ٹی ایف (Anti Narcotics Task Force) جیسی ذیلی کمیٹیاں تشکیل دینے کی بھی سفارش کی۔

اجلاس میں نارکوٹکس اور منظم جرائم کی سائبر کمانڈ یونٹ کی ایس پی محترمہ سویتا ایس سمیت دیگر اعلیٰ پولیس و محکمہ جاتی افسران شریک رہے۔


Share: