ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / گارنٹی اسکیموں کی بدولت کرناٹک فی کس آمدنی میں ملک بھر میں اول نمبر پر ہے: ہاسن میں وزیر اعلیٰ کا خطاب

گارنٹی اسکیموں کی بدولت کرناٹک فی کس آمدنی میں ملک بھر میں اول نمبر پر ہے: ہاسن میں وزیر اعلیٰ کا خطاب

Sun, 27 Jul 2025 02:05:13    S O News
گارنٹی اسکیموں کی بدولت کرناٹک فی کس آمدنی میں ملک بھر میں اول نمبر پر ہے: ہاسن میں وزیر اعلیٰ کا خطاب

ارسیکیرے 26 جولائی (ایس او نیوز): کرناٹک کے وزیر اعلیٰ سدارامیا نے ہفتہ کے روز دعویٰ کیا کہ ریاست کی اہم گارنٹی اسکیموں نے کرناٹک کو فی کس آمدنی کے لحاظ سے ملک میں اول مقام پر پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

ضلع ہاسن کے ارسیکیرے  میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھنے اور افتتاح کرنے کے بعد خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے اپوزیشن کی ان تنقیدوں کو مسترد کیا جن میں کہا گیا تھا کہ فلاحی اسکیموں کے سبب ریاست کی مالی حالت کمزور ہو گئی ہے اور ترقی رک گئی ہے۔

سدارامیا نے کہا؛ "اپوزیشن لیڈران الزام لگاتے ہیں کہ ہماری گارنٹی اسکیموں کی وجہ سے ترقی کا عمل رک گیا ہے، لیکن حقیقت یہ ہے کہ آج کرناٹک ملک میں سب سے زیادہ فی کس آمدنی والی ریاست بن چکی ہے، اور اس کا سبب یہی اسکیمیں ہیں۔ بی جے پی کو اقتصادی پالیسیوں کی سمجھ نہیں ہے،"

کانگریس ایم پی راہل گاندھی کے دہلی میں منعقد پسماندہ طبقات کے قومی کنونشن میں دیے گئے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے سدارامیا نے کہا کہ ان کی حکومت جامع ترقی پر توجہ دے رہی ہے۔

وزیر اعلیٰ نے کہا؛ "ہماری حکومت نے پسماندہ طبقات، خواتین، دلتوں اور تمام ذاتوں کے غریب افراد کی فلاح و بہبود کے لیے متعدد پروگرام تشکیل دیے ہیں۔ کانگریس ملک کی واحد جماعت ہے جو حقیقی معنوں میں سماجی انصاف، محروم طبقوں کی ترقی، اور آئینی اقدار کی پاسداری کے لیے پرعزم ہے،"

سدارامیا نے ارسیکیرے کے رکن اسمبلی کے.ایم. شیوالنگی گوڑا کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ وزارت کے لیے تمام اہلیت رکھتے ہیں۔ آگے کہا کہ “انھیں عوام کی بھرپور حمایت حاصل ہے اور وہ چار بار اس حلقے سے کامیاب ہو چکے ہیں۔ مجھے یقین ہے کہ آئندہ انتخابات میں بھی وہ کامیاب ہوں گے،”

اس موقع پر نائب وزیر اعلیٰ ڈی. کے. شیوکمار نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ارسیکیرے کے لیے یہ دن تاریخی ہے اور یہ تعلقہ ترقی کے لحاظ سے کنکاپورہ اور ورونا جیسے حلقوں سے بھی آگے بڑھ چکا ہے۔

"ڈپٹی وزیراعلیٰ نے یہ بھی کہا کہ ہاسن ضلع کی ساتوں اسمبلی نشستوں پر آئندہ انتخابات میں کانگریس کی جیت یقینی ہے۔ یہاں تک کہ سکلیشپور میں، جہاں پچھلی مرتبہ ہم معمولی فرق سے ہارے تھے، اب وہاں بھی ہماری جیت طے ہے،"

ایم ایل اے شیوالنگی گوڑا نے اپنی تقریر میں ارسیکیرے کی ترقی کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ایک وقت تھا جب یہ تعلقہ "بدقسمت" سمجھا جاتا تھا، لیکن آج یہ ترقی کا نمونہ بن چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ“ہم نے تعلیم کو ترجیح دی ہے اور انجینئرنگ و پولی ٹیکنک کالج قائم کیے ہیں۔ یتنا ہولے پروجیکٹ کا پانی ارسیکیرے پہنچ چکا ہے، اور ہارن ہلّی سے دومن ہلّی تک پانی لاکر تالابوں کو بھرنے کا کام جاری ہے،”

انہوں نے مزید کہا کہ اس قحط زدہ علاقے کے لیے اضافی آبپاشی سہولیات فراہم کرنے کے اقدامات کیے جائیں گے۔ ہاسن ضلع کے انچارج وزیر کے. این. راجنا نے بھی اس پروگرام سے خطاب کیا۔

تقریب میں وزیر ضمیر احمد خان، ایم پی شریاس پٹیل، میسورو کے علاقائی کمشنر رمیش، ڈپٹی کمشنر لتا کماری، ایس پی محمد سوجیتا، ضلع پنچایت چیف ایکزی کوٹیو آفسر پورنیما، ایڈیشنل ڈی سی شانتیلا، ارسیکیرے میونسپل کونسل کے صدر سمیع اللہ، اربن ڈیولپمنٹ کمیٹی کے صدر ارون کمار، گارنٹی کمیٹی کے صدر دھرم شیکھر، محکمہ تعلیم کے افسر پرسنّا، اور کئی دیگر افسران و رہنما شریک تھے۔


Share: