ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / کرناٹک میں ایس ایس ایل سی امتحانات شروع، 9 لاکھ سے زائد طلبا شریک

کرناٹک میں ایس ایس ایل سی امتحانات شروع، 9 لاکھ سے زائد طلبا شریک

Wed, 18 Mar 2026 11:36:03    S O News

بنگلورو، 18/ مارچ (ایس او نیوز /ایجنسی)  موجودہ سال  27-2026 کا 1-SSLC امتحان، جو طلبا کے مستقبل کو تشکیل دینے میں ایک بہت اہم مرحلہ سمجھا جاتا ہے، کل سے ریاست بھر میں سخت سیکورٹی کے درمیان شروع ہوگا ۔ امتحان کل فرسٹ لانگویج کے پرچے سے شروع ہوگا اور 2 اپریل کو سوشیل سائنس کے پرچے کے ساتھ ختم ہوگا۔ امتحانات صبح 10 بجے سے دوپہر 1.15 بجے تک ہوں گے۔ اس بار ایس ایس ایل کی امتحان کیلئے کل 9,02,889 طلبہ نے رجسٹریشن کرایا ہے۔

اس میں سے  8,12,855 فر یشر ز، 62,845 ریپیٹ طلباء 27,189پرائیویٹ طلبا ہیں ۔ امتحان کل 2,871 امتحانی مراکز پر منعقد ہوگا۔ طلبا میں ماڈل سوالیہ پرچے پہلے ہی تقسیم کئے جا چکے ہیں۔ کرناٹک اسکول ایگزا مینیشن  اینڈ ایویلیوایشن بورڈ (KSEAB) نے امتحان کو شفاف اور بدعنوانی سے پاک انداز میں منعقد کرنے کیلئے تمام تیاریاں کر لی ہیں اور طلبہ  کیلئے سخت ہدایات جاری کی ہیں۔ محکمہ تعلیم نے پیشگی اعلان کر دیا ہے کہ اس بار امتحانی نتائج کا اعلان 7 اپریل کو ہونے کا امکان ہے۔ محکمہ پولیس، انٹیلی جنس ڈویژن ، ضلع مجسٹریٹس، بی ای او اور ڈی ڈی پی آئی کے ساتھ ایک جامع میٹنگ کی گئی ہے۔ گذشتہ سال کی نسبت اس بار زیادہ تیار یاں کی گئی ہیںَ

بد عنوانی کی روک تھام کیلئے سخت کارروائی : بورڈ امتحانات میں ہونے والی بدعنوانی کو روکنے اور شفافیت کو برقرار رکھنے کیلئے یہ سخت اقدامات اٹھا رہا ہے۔ بورڈ نے امتحان کے دوران افواہیں پھیلانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

سی سی ٹی وی کیمرے لازمی: امتحان میں بدنظمی کو روکنے کیلئے تمام امتحانی مراکز میں سی سی ٹی وی کیمروں کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔ عہدیداروں نے بتایا کہ امتحانی مدت کے دوران سخت نگرانی کی جائے گی اور خصوصی ٹیمیں مسلسل نظر رکھیں گی۔

الیکٹرانک آلات پر پابندی: اس کے ساتھ ساتھ امتحانی مراکز کے اندر الیکٹرانک آلات بشمول موبائل فون اورا سمارٹ گھڑیاں لے جانے پر سختی سے پابندی ہے۔ محکمہ تعلیم نے متنبہ کیا ہے کہ ممنوعہ اشیاء رکھنے والے طلبا کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے گی۔

سائبر مراکز کی نگرانی محکمہ : پولیس کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ امتحانی مراکز کے آس پاس واقع کو چنگ سنٹرس، سائبر کیفے اور زیراکس شاپس پر خصوصی نظر رکھیں ۔ امتحانی مراکز میں کسی قسم کی کوتاہی کو روکنے کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کی گئی ہیں۔ متنبہ کیا گیا ہے کہ سوالیہ پرچہ لیک کرنے یا سوشل میڈیا پر جھوٹی افواہیں پھیلانے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ طلبا کو بغیر کسی پریشانی کے امتحان لکھنے کی سہولت کیلئے تمام انتظامات کئے گئے ہیں۔ طلبا کو بھی قواعد پر عمل کرنا چاہیے۔ امتحانی مرکز میں سرکاری داخلہ کارڈ کے بغیر داخلہ نہیں ہوگا۔ انہیں امتحان کے آغاز سے کم از کم 30 منٹ پہلے امتحانی مرکز میں ہونا چاہیے۔ اسکول کی طرف سے تجویز کردہ یونیفارم پہننے کا مشورہ دیا جاتا ہے۔ دفعہ 144 کے تحت امتناعی احکامات امتحانی مرکز کے ارد گرد 200 میٹر کے دائرے میں نافذ ہوں گے۔ مرکز کے قریب تمام زیرا کس کی دکانوں کو بھی امتحان کے دوران بند رکھنے کا حکم دیا گیا ہے۔ حکام کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ امتحانی مراکز میں کیمروں، پینے کے پانی اور روشنی سمیت بنیادی سہولیات کی کوئی کمی نہ ہو۔ کرناٹک اسکول ایگزامینشن  اینڈ ایویلیوایشن بورڈ کے چیئر مین پرکاش جی ٹی نے کہا کہ طلبا اور والدین کو احتیاط سے سرکاری ہدایات پر عمل کرنا چاہئے ۔ مراکز پر جلد پہنچنا چاہئے اور ایس ایس ایل سی امتحانات کے ہموار انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے حکام کے ساتھ تعاون کرنا چاہئے ۔

امتحانی ہیلپ لائن نمبر : طلبا اور والدین امتحان سے متعلق کسی بھی معلومات یا مسائل کیلئے اس ہیلپ لائن نمبر 23310076-080 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔

طلبا کیلئے مفت بس سرویس: ایس ایس ایل سی کے   طلبا کو کرناٹک اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کی بسوں میں مفت سفر کی سہولت فراہم کی گئی ہے ۔  18 مارچ سے 2 اپریل تک ، ایس ایس ایل سی کے سالانہ امتحانات میں شرکت کرنے والے طلبا امتحانی اڈمٹ کارڈ دکھا کر اپنی رہائش گاہ سے تفویض کردہ امتحانی مرکز تک مفت سفر کر سکتے ہیں ۔


Share: