ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / کرناٹک: کے ایس آر ٹی سی ہڑتال واپس، ہائی کورٹ کی مداخلت کے بعد کل سے بس سروس معمول کے مطابق جاری

کرناٹک: کے ایس آر ٹی سی ہڑتال واپس، ہائی کورٹ کی مداخلت کے بعد کل سے بس سروس معمول کے مطابق جاری

Tue, 19 May 2026 19:49:56    S O News

بنگلورو ، 19/ مئی (ایس او نیوز /ایجنسی) کرناٹک اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن (کے ایس آر ٹی سی) کے ملازمین کی جانب سے 20 مئی سے مجوزہ ریاست گیر ہڑتال ہائی کورٹ کی مداخلت کے بعد واپس لے لی گئی ہے، جس کے بعد کل سے ریاست بھر میں بس سروس معمول کے مطابق جاری رہے گی اور عوام کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہیں ہوگا۔

یہ فیصلہ ریاستی ٹرانسپورٹ ملازمین کی مشترکہ رابطہ کمیٹی نے ہائی کورٹ کے احکامات کا احترام کرتے ہوئے کیا۔ کمیٹی نے واضح کیا کہ عدالت کی ہدایت کے بعد ہڑتال کو فی الحال واپس لیا جا رہا ہے، جبکہ ملازمین اپنے مطالبات کے حل کے لیے حکومت کے ساتھ مذاکرات جاری رکھیں گے۔

دوسری جانب کرناٹک ہائی کورٹ نے بھی مجوزہ ہڑتال پر عبوری روک لگاتے ہوئے ملازمین کو ہدایت دی تھی کہ وہ حکومت کے ساتھ بات چیت کے ذریعے مسائل حل کریں۔ عدالت نے اپنے مشاہدے میں کہا کہ مذاکرات کے ذریعے حل تلاش کیا جانا چاہیے اور فریقین کو فوری طور پر بات چیت کا عمل آگے بڑھانا چاہیے۔

عدالت نے یہ بھی نشاندہی کی کہ حکومت پہلے ہی ملازمین کی تنخواہوں میں 12.5 فیصد اضافہ کر چکی ہے، اس لیے ہڑتال جیسے اقدامات کے بجائے گفت و شنید کا راستہ اختیار کیا جائے۔ اس سلسلے میں عدالت نے حکومت کو بھی ہدایت دی کہ وہ ملازمین کے نمائندوں کے ساتھ جلد اجلاس منعقد کرے۔

مشترکہ رابطہ کمیٹی کے رہنماؤں نے کہا کہ احتجاج ملازمین کا جمہوری حق ہے، تاہم عدالتی حکم کے پیش نظر ہڑتال کو واپس لیا گیا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ حکومت تنخواہوں، ڈی اے اور دیگر مطالبات پر سنجیدگی سے غور کرے گی اور مثبت مذاکرات کے ذریعے مسئلہ حل کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ ہڑتال کے باعث ریاست بھر میں عوامی ٹرانسپورٹ کے متاثر ہونے کا خدشہ تھا، تاہم ہڑتال واپس لیے جانے کے بعد مسافروں نے راحت کی سانس لی ہے اور بس سروس معمول کے مطابق جاری رہنے کی توقع ہے۔ ہائی کورٹ نے معاملے کی اگلی سماعت 21 مئی تک ملتوی کردی ہے۔


Share: