ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / مشرقِ وسطیٰ بحران پر کرناٹک حکومت الرٹ، بیرونِ ملک کنڑا یگا باشندوں کے تحفظ کیلئے ہنگامی اقدامات

مشرقِ وسطیٰ بحران پر کرناٹک حکومت الرٹ، بیرونِ ملک کنڑا یگا باشندوں کے تحفظ کیلئے ہنگامی اقدامات

Sun, 01 Mar 2026 11:23:11    S O News

بنگلورو ، یکم مارچ (ایس او نیوز /ایجنسی) اسرائیل اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی اور جنگی صورتحال کے پیشِ نظر اسرائیل، متحدہ عرب امارات، ایران، قطر سمیت مشرقِ وسطیٰ کے مختلف ممالک میں مقیم  کنڑا یگا باشندوں کی سلامتی کو حکومت نے انتہائی سنجیدگی سے لیا ہے۔وزیر اعلیٰ سدارامیا نے کہا ہے کہ اس سلسلے میں دہلی میں کرناٹک کے ریذیڈنٹ کمشنر سے مشاورت کی گئی ہے اور ہدایت دی گئی ہے کہ بیرونِ ملک مقیم کنڑا باشندوں کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اور ضروری اقدامات فوری طور پر کیے جائیں۔

انہوں نے بتایا کہ مشرقِ وسطیٰ کے بعض ممالک میں فضائی خدمات معطل ہونے کے باعث کئی افراد وطن واپس آنے سے قاصر ہیں اور جنگ زدہ علاقوں میں پھنسے ہوئے ہیں۔ ایسے افراد سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ فوری طور پر محفوظ مقامات کی طرف منتقل ہو جائیں اور مقامی حکام کی ہدایات پر عمل کریں۔

وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ متعلقہ حکام کو ہدایت جاری کر دی گئی ہے کہ کل ہی ایک خصوصی امدادی ہیلپ لائن قائم کی جائے، تاکہ بیرونِ ملک مقیم افراد اور ان کے اہلِ خانہ کو بروقت معلومات اور رہنمائی فراہم کی جا سکے۔انہوں نے عوام کو یقین دلایا کہ اگر کسی کا رشتہ دار یا خاندان کا فرد مشرقِ وسطیٰ کے جنگ زدہ ممالک میں موجود ہو اور رابطہ نہ ہو پا رہا ہو تو گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے۔ ہر  کنڑا یگا باشندے کی سلامتی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس ضمن میں پہلے ہی عملی اقدامات شروع کر دیے گئے ہیں۔

مزید برآں سابق وزیر ناگیندر نے اطلاع دی ہے کہ بَلّاری ضلع سے تعلق رکھنے والے 32 افراد دبئی میں پھنسے ہوئے ہیں۔ حکومت نے ان کی حفاظت اور ممکنہ واپسی کے لیے بھی ضروری کارروائی شروع کر دی ہے۔حکومت نے یقین دہانی کرائی ہے کہ بیرونِ ملک مقیم تمام کنڑا یگا  باشندوں کے تحفظ اور بحفاظت واپسی کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔


Share: