ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / کرناٹک میں کم عمر بچوں کے موبائل استعمال پر پابندی کی تجویز زیر غور

کرناٹک میں کم عمر بچوں کے موبائل استعمال پر پابندی کی تجویز زیر غور

Mon, 23 Feb 2026 12:10:17    S O News
کرناٹک میں کم عمر بچوں کے موبائل استعمال پر پابندی کی تجویز زیر غور

بنگلورو ، 23 /فروری (ایس او نیوز/ایجنسی)ریاست میں طالب علموں کے ذریعہ موبائل فون کے استعمال پر پابندی لگانے کا معاملہ زیر بحث ہے۔  بتایا جاتا ہے کہ حکومت اسکول اور کالج کے احاطے میں 16 سال سے کم عمر بچوں کے موبائل فون کے استعمال  پر پابندی لگانے پرغور کررہی ہے۔

یونیورسٹیوں کی ترقی کا جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سدارامیا نے طلبا پر موبائل فون اور سوشیل میڈیا کے منفی اثرات اور منشیات کے بڑھتے ہوئے استعمال کی خطرناک پیش رفت پرتشویش کا اظہار کیا ۔ اس دوران انہوں نے موبائل پر پابندی کے سلسلے میں ریاست کی مختلف یونیورسٹیوں کے وائس چانسلروں سے رائے طلب کی ۔

معلوم ہوا ہے کہ زیادہ تر وائس چانسلرز نے وزیر اعلیٰ کی اس تجویز سے اتفاق کیا ہے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ نوجوان منشیات کی لعنت کا شکار ہورہے ہیں۔ اس کو سنجید گی  سے لینا چاہئے۔ طلبا کے موبائل فون  کے استعمال پر قابو پانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے وائس چانسلرز سے کہا کہ وہ انہیں اس بارے میں مشورہ دیں۔

سدارامیا نے کہا کہ صرف 16 سال سے کم عمر کے طالب علموں کیلئے موبائل فون کا استعمال پر پابندی لگانے کا منصوبہ ہے۔ آسٹریلیاں سمیت کئی ممالک میں اسکولی  بچوں کے موبائل فون کے استعمال پر پابندی لگا دی گئی ہے۔ اس کی وجہ بچوں کی توجہ پڑھائی پر زیادہ مرکوز ہے۔

انہوں نے کہا کہ طلبہ سوشیل میڈیا کے ذریعے اپنا مستقبل برباد کر رہے ہیں۔ اس پر روک لگنی چاہئے۔ منشیات کے نیٹ ورک کے بارے  میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ منشیات آج ایک لعنت بن چکی ہے۔ یونیورسٹی کیمپس کو مکمل طور  پر منشیات سے پاک ہونا چاہئے۔ ڈرگ مافیا کو کوئی موقع نہیں دینا چاہئے۔ 


Share: