ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / کرناٹک میں اقلیتی خواتین کی اعلیٰ تعلیم کے لیے 31 پی یو کالج قائم ہوں گے

کرناٹک میں اقلیتی خواتین کی اعلیٰ تعلیم کے لیے 31 پی یو کالج قائم ہوں گے

Thu, 26 Feb 2026 11:16:51    S O News

بنگلورو  ، 26/ فروری (ایس او نیوز /ایجنسی)حکومتِ کرناٹک نے اقلیتی خواتین کی اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لیے ریاست کے 31 اضلاع میں نئے خواتین پری یونیورسٹی کالج قائم کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ اس سلسلے میں محکمۂ اقلیتی بہبود، حج و اوقاف کی جانب سے باقاعدہ سرکاری حکم نامہ جاری کیا گیا ہے۔

ریاستی بجٹ میں اعلان کی شق میں اوقاف کی خالی اراضی پر خواتین کالجوں کے قیام کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ پہلے مرحلے میں 15 کالجوں کی عمارتوں کی تعمیر کا عمل شروع کیا گیا، جبکہ آئندہ مرحلے میں مزید 16 کالج قائم کیے جائیں گے۔ اس طرح مجموعی طور پر اوقافی اداروں کے ذریعے 31 اضلاع میں اقلیتی خواتین کے لیے پری یونیورسٹی کالج شروع کیے جائیں گے۔

 جن میں باگل کوٹ، بیلگاوی، بلاری، بنگلورو شہری و دیہی، بیدر، چامراج نگر، چکبالاپور، چکمگلورو، چترادرگہ، دھارواڑ، داونگیرے، منگلورو، گدگ، ہاسن، ہاویری، کلبرگی، کوڈگو، کولار، کوپل، منڈیا، میسورو، رام نگر، رائچور، شیموگہ، ٹمکورو، اڈپی، سرسی، وجے نگر، وجے پور اور یادگیر سمیت دیگر اضلاع شامل ہیں۔

محکمہ کے مطابق ان کالجوں میں تینوں شعبوں (سائنس، کامرس اور آرٹس) میں تعلیم فراہم کی جائے گی اور عملے کی تقرری قواعد کے مطابق کی جائے گی۔ حکومت کا مقصد اقلیتی خواتین کو معیاری تعلیم کے بہتر مواقع فراہم کرنا ہے۔

ہر کالج میں پہلے سال 180 طالبات کو داخلہ دیا جائے گا، یعنی ہر شعبہ میں 60 نشستیں ہوں گی۔ دوسرے سال بھی 180 نشستوں کے ساتھ مجموعی طور پر 360 طالبات کی گنجائش ہوگی۔ ان کالجوں میں تین شعبہ جات قائم کیے جائیں گے جن میں سائنس (پی سی ایم بی) ،تجارت (سی ای بی اے) فنون (ایچ ای پی ایس) شامل ہیں ۔

حکومت نے ہدایت دی ہے کہ جب تک وقف بورڈ کی جانب سے مستقل عمارتوں کی تعمیر مکمل نہیں ہوتی، تب تک اوقاف کی دستیاب عمارتوں میں یا ضرورت پڑنے پر کرائے کی عمارتوں میں تعلیمی سرگرمیاں شروع کی جائیں۔ متعلقہ اضلاع کے افسران کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ کالجوں کے قیام کے لیے ضروری تجاویز اور مالی مطالبات محکمۂ اقلیتی بہبود کو پیش کریں۔

ہر کالج کے لیے 19 عہدوں کی منظوری دی گئی ہے، اس طرح مجموعی طور پر 589 اسامیاں پیدا کی گئی ہیں۔ ان میں پرنسپل، مختلف مضامین کے لکچررز، زبان کے اساتذہ، معاون عملہ اور چہارم درجے کے ملازمین شامل ہوں گے۔ ان اسامیوں پر تقرری ضوابط کے مطابق یا جز وقتی بنیادوں پر کی جائے گی۔


Share: