ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / جے ڈی (ایس) کے سابق ایم پی پرجول ریونا، عصمت دری کیس میں مجرم قرار، سزا کا اعلان ہفتہ کو ہوگا

جے ڈی (ایس) کے سابق ایم پی پرجول ریونا، عصمت دری کیس میں مجرم قرار، سزا کا اعلان ہفتہ کو ہوگا

Fri, 01 Aug 2025 16:51:09    S O News

بینگلور، یکم اگست (ایس او نیوز): بینگلور کی ایم پی/ایم ایل اے خصوصی عدالت نے جنتا دل (سیکولر) کے سابق رکن پارلیمان اور سابق وزیر اعظم ایچ ڈی دیوے گوڑا کے پوتے پرجول ریونا کو خواتین کے ساتھ جنسی زیادتی اور فحش ویڈیوز بنانے کے سنگین الزامات میں مجرم قرار دے دیا ہے۔

یہ فیصلہ جمعہ کو خصوصی عدالت کے جج سنتوش گجانن بھٹ نے سنایا۔ عدالت نے سزا سنانے کے لیے سماعت ہفتہ تک ملتوی کرتے ہوئے پرجول ریونا اور ان کے وکیل کو آخری دلائل پیش کرنے کی اجازت دی ہے۔

فیصلہ سننے کے وقت پرجول ریونا عدالت میں موجود تھے۔ ان کی آنکھیں نم تھیں اور وہ بار بار آنسو پونچھتے نظر آئے۔ عدالت سے باہر آتے ہی وہ کرسی پر بیٹھ کر شدت غم سے رونے لگے۔

کیس کی تفصیل

یہ مقدمہ کے آر نگر کی ایک گھریلو ملازمہ کی شکایت پر درج کیا گیا تھا، جس نے پرجول پر جنسی زیادتی، دھمکی اور دیگر جرائم کے الزامات عائد کیے تھے۔ عدالت نے مقدمے کے دوران 26 اہم شواہد کا جائزہ لیا، جن میں متاثرہ خاتون کا بیان، ڈی این اے نمونے اور جنسی زیادتی کی ویڈیوز شامل تھیں۔ پولیس نے ان شواہد کی بنیاد پر کیس کو مضبوط طریقے سے پیش کیا۔

پرجول ریونا پر ایسے ہی نوعیت کے مزید تین مقدمات بھی درج ہیں۔ 2024 کے لوک سبھا انتخابات کے دوران کئی ویڈیوز سامنے آئیں جن میں پرجول کو مختلف خواتین کے ساتھ جنسی زیادتی کرتے اور ان کی ویڈیوز بناتے ہوئے دکھایا گیا۔ ان ویڈیوز کے سامنے آنے کے بعد ریاست بھر میں شدید عوامی ردعمل سامنے آیا۔

ایک ویڈیو نے خاص طور پر عوام کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا، جس میں پرجول کو ہولے نرسی پورہ کے ایک فارم ہاؤس میں ایک ضعیف گھریلو ملازمہ پر جنسی زیادتی کرتے ہوئے دکھایا گیا۔ ویڈیو میں خاتون پرجول سے گڑگڑا کر کہتی نظر آتی ہے کہ اس نے ان کے والد اور خاندان کے دیگر افراد کی خدمت کی ہے، اس لیے اسے بخش دیا جائے۔

ملک سے فرار اور گرفتاری

ویڈیوز کے انکشاف کے بعد پرجول ریونا ملک سے فرار ہو گئے تھے۔ تاہم سابق وزیر اعظم ایچ ڈی دیوے گوڑا اور مرکزی وزیر ایچ ڈی کماراسوامی کی عوامی اپیلوں کے بعد وہ 31 مئی 2024 کو بینگلور واپس آئے۔ واپسی کے فوراً بعد پولیس نے انہیں گرفتار کر کے بینگلور سینٹرل جیل میں بند کر دیا، جہاں وہ گزشتہ 14 ماہ سے قید ہیں۔ ان کی تمام ضمانت کی درخواستیں عدالتوں نے مسترد کر دی ہیں۔

خصوصی تحقیقاتی ٹیم (SIT) نے ان کے خلاف بھارتی تعزیرات کی دفعات 376(2)(n)، 506، 354A(1)، 354B، 354C اور آئی ٹی ایکٹ کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمات درج کیے تھے۔

واضح رہے کہ عدالت نے 30 جولائی کو فیصلہ بعض قانونی وضاحتوں کی بنیاد پر ملتوی کیا تھا، لیکن اب بالآخر پرجول ریونا کو مجرم قرار دے دیا گیا ہے۔ سزا کا اعلان ہفتہ کو متوقع ہے۔


Share: