ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / جموں کشمیر میں بادل پھٹنے اور اچانک سیلاب سے تباہی، ہزاروں گاڑیاں ہائی وے پر محصور، ریسکیو آپریشن جاری

جموں کشمیر میں بادل پھٹنے اور اچانک سیلاب سے تباہی، ہزاروں گاڑیاں ہائی وے پر محصور، ریسکیو آپریشن جاری

Tue, 22 Apr 2025 18:11:40    S O News

جموں /سری نگر، 22/اپر یل (ایس او نیوز /ایجنسی) جموں-سری نگر قومی شاہراہ پر رام بن کے علاقے میں بادل پھٹنے کے بعد شدید بارش اور پہاڑوں سے آئے بھاری ملبے نے تباہی مچا دی ہے۔ کئی مقامات پر سڑکیں ٹوٹ گئیں، دکانیں اور مکانات بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ متاثرہ علاقوں میں انتظامیہ نے فوری راحت اور بچاؤ کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔ حکام کے مطابق اب تک 100 سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے، جب کہ مزید لوگوں کو نکالنے کا عمل جاری ہے۔

وہیں تین دنوں کے بعد پیر کو یہاں موسم میں ہلکا سدھار دیکھنے کو ملا لیکن دوپہر بعد زیادہ تر علاقوں میں پھر سے تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ اونچے پہاڑوں پر برفباری ہوئی جبکہ جموں ڈویژن میں بھی مختلف مقامات پر بارش ہوتی رہی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق منگل کو ہلکی بارش کے ساتھ موسم صاف ہو جائے گا۔ لیکن 24 سے 26 اپریل تک ایک بار پھر بارش کا دور شروع ہونے کا امکان ہے۔

رام بن میں شدید بارش سے جموں-سری نگر ہائی وے کو بھاری نقصان ہونے کے ساتھ تقریباً ایک درجن گاؤں متاثر ہوئے ہیں۔ بہت سے گاڑی ابھی بھی ملبے میں دبے ہیں۔ ہائی وے بند ہونے سے ہزاروں گاڑیاں پھنسی ہوئی ہیں۔ فوج نے پھنسے ہوئے مسافروں کے لیے کھانا کے ساتھ دوا وغیرہ کا انتظام کیا۔ این ڈی آر ایف، ایس ڈی آر ایف اور سماجی تنظیمیں راحت و بچاؤ مہم میں لگے ہوئے ہیں۔ پیر کو ہوئی ہلکی بارش سے راحت کام میں تھوڑا خلل بھی پڑا ہے۔

بتایا جاتا ہے کہ ہائی وے پر اتنا زیادہ ملبہ جمع ہے کہ اس پر آمد و رفت بحال کرنے میں وقت لگ سکتا ہے۔ حالانکہ متعلقہ انتظامیہ اسے جلد ہی پھر سے بحال کر لینے کا دعویٰ کر رہی ہے۔ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ اور جموں سے ڈویژنل کمشنر رمیش کمار نے رام بن کا دورہ کرکے ضروری ہدایتیں دی ہیں۔ ’نیکاں‘ کے صدر فاروق عبداللہ نے اسے قومی آفت اعلان کرنے کے ساتھ مرکزی حکومت سے تعاون کی اپیل کی ہے۔

اِدھر لداخ میں اپریل میں غیر متوقع شدید برفباری سے فصلوں، بنیادی ڈھانچے کو ہوئے نقصان کا اندازہ کرنے کے لیے ریاستی انتظامیہ نے لیہہ اور کارگل ضلعوں میں مہم چلا رکھی ہے۔


Share: