ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / جگدیپ دھنکھڑ کے استعفیٰ پر جئے رام رمیش کا اظہار تشویش، فیصلے پر دوبارہ غور کرنے کی اپیل

جگدیپ دھنکھڑ کے استعفیٰ پر جئے رام رمیش کا اظہار تشویش، فیصلے پر دوبارہ غور کرنے کی اپیل

Tue, 22 Jul 2025 11:10:30    S O News

نئی دہلی ، 22/ جولائی (ایس او نیوز /ایجنسی) ہندوستان کے نائب صدر عہدہ سے جگدیپ دھنکھڑ کے اچانک استعفیٰ نے سبھی کو حیران کر دیا ہے۔ آج راجیہ سبھا میں وہ مانسون اجلاس کے دوران فعال نظر آئے، اور پھر شام ہوتے ہوتے انھوں نے خرابیٔ صحت کی بنیاد پر استعفیٰ دینے کا فیصلہ کر سبھی کو ششدر کر دیا۔ کانگریس جنرل سکریٹری جئے رام رمیش نے بھی ان کے اس فیصلہ پر حیرانی ظاہر کی ہے اور ساتھ ہی کہا ہے کہ جگدیپ دھنکھڑ کو اپنی صحت کا خاص خیال ضرور رکھنا چاہیے، لیکن استعفیٰ کے پیچھے کی وجہ کچھ اور ہی معلوم پڑتی ہے۔

جئے رام رمیش نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ کے ذریعہ جگدیپ دھنکھڑ کے استعفیٰ پر اپنی فکر ظاہر کی ہے۔ اس پوسٹ کو کانگریس نے بھی ری پوسٹ کیا ہے۔ پوسٹ میں لکھا گیا ہے کہ ’’نائب صدر اور راجیہ سبھا کے چیئرمین کا اچانک استعفیٰ جتنا حیران کرنے والا ہے، اتنا ہی تصور سے عاری بھی ہے۔ آج شام تقریباً 5 بجے تک میں ان کے ساتھ تھا، وہاں کئی دیگر اراکین پارلیمنٹ بھی ساتھ تھے، اور شام 7.30 بجے میری ان سے فون پر بات چیت بھی ہوئی تھی۔‘‘

جئے رام رمیش اس پوسٹ میں آگے لکھتے ہیں کہ ’’بلاشبہ جگدیپ دھنکھڑ کو اپنی صحت کو اعلیٰ ترجیح دینی چاہیے۔ لیکن یہ بھی واضح ہے کہ ان کے اس بالکل حیرت انگیز استعفیٰ کے پیچھے جو دکھائی دے رہا ہے، اس سے کہیں زیادہ ہے۔ حالانکہ یہ وقت قیاس آرائیوں کا نہیں ہے۔‘‘ انھوں نے مزید لکھا ہے کہ ’’جگدیپ دھنکھڑ نے حکومت اور اپوزیشن دونوں کو یکساں طریقے سے آڑے ہاتھوں لیا۔ انھوں نے کل دوپہر ایک بجے بزنس ایڈوائزری کمیٹی کی میٹنگ بلائی تھی اور عدلیہ سے متعلق کچھ اہم اعلان کرنے والے تھے۔‘‘

پوسٹ کے آخر میں جئے رام رمیش نے لکھا ہے ’’ہم ان کی بہتر صحت کی دعا کرتے ہیں، اور ان سے گزارش کرتے ہیں کہ وہ اپنے فیصلے پر از سر نو غور کریں۔ ہم وزیر اعظم سے بھی امید کرتے ہیں کہ وہ جگدیپ دھنکھڑ کو اپنا من بدلنے کے لیے راضی کریں۔ یہ ملک کے مفاد میں ہوگا۔ خاص طور سے کسان طبقہ کے لیے یہ ایک بڑی راحت ہوگی۔‘‘ کانگریس لیڈر راشد دلوی نے بھی جگدیپ دھنکھڑ کے استعفیٰ کو حیرت انگیز قرار دیا ہے۔ ساتھ ہی انھوں نے کہا ہے کہ ’’جگدیپ دھنکھڑ نے صحت کی بنیاد پر استعفیٰ نہیں دیا ہے، کوئی بڑی بات ہے۔‘‘ انھوں نے کہا کہ اس کے پیچھے ضرور کوئی دباؤ ہے، اور اس کی حقیقت جاننے کے لیے کچھ وقت گزرنے کا انتظار کرنا پڑے گا۔


Share: