کوئٹہ ، 13/مارچ (ایس او نیوز /ایجنسی)جعفر ایکسپریس حملے کے بعد سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی کے نتیجے میں مزید 60 مسافر بازیاب ہو گئے اور بحفاظت کوئٹہ پہنچ گئے۔
مسافروں کو سخت سیکیورٹی میں بذریعہ بس کوئٹہ لایا گیا، بازیاب مسافروں میں 45 مسافر، 12 ریلوے ملازمین اور 3 محکمہ ڈاک ملازم شامل ہیں۔بازیاب مسافروں نے ایکسپریس سے باتیں چیت کرتے ہوئے بتایا کہ جس وقت ٹرین پر حملہ ہوا اس کے بعد ہم نے سمجھ لیا کہ اب ہماری موت ہو گی۔مسافروں نے پاک فوج اور ایف سی کے جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا جن کے کامیاب آپریشن کی وجہ سے وہ بازیاب ہوئے۔
دوسری جانب جعفر ایکسپریس حملے کے بعد جب 12 ریلوے ملازمین کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پہنچے تو اس موقع پر ریلوے اسٹیشن پر جذباتی مناظر دیکھنے کو ملے۔اہلخانہ اور ساتھی عملہ نے ان کا پھولوں کی پتیوں سے استقبال کیا، ریلوے ملازمین اور ان کے اہلخانہ ایک دوسرے سے گلے مل کر خوشی سے آبدیدہ ہو گئے۔حادثے کی تفصیلات فراہم کرتے ہوئے جعفر ایکسپریس کے ڈرائیور امجد یاسین نے ایکسپریس نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ جعفر ایکسپریس جب سفر کر رہی تھی تو پہلے ٹریک پر دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں انجن ڈی ریل ہو گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ حملہ آوروں کی تعداد 35 سے 40 تھی اور ریلوے کے تمام عملے کے افراد محفوظ رہے، جو منظر ہم نے وہاں دیکھے وہ اللہ کسی کو نہ کھائے۔امجد یاسین نے یہ بھی کہا کہ ہماری فوج نے بہت ایکٹیو کارروائی کی اور کامیاب آپریشن کے ذریعے ہمیں بچایا۔اسسٹنٹ ڈرائیور عبدالقدیر نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے کہ ہمیں نئی زندگی دی۔