ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / راجیہ سبھا میں نجی اسپتالوں میں غیر ضروری سرجری اور جانچ کا مسئلہ اٹھا، مریضوں کے استحصال پر تشویش

راجیہ سبھا میں نجی اسپتالوں میں غیر ضروری سرجری اور جانچ کا مسئلہ اٹھا، مریضوں کے استحصال پر تشویش

Wed, 19 Mar 2025 14:27:57    S O News

نئی دہلی، 19/ مارچ (ایس او نیوز /ایجنسی) یہ حقیقت سبھی تسلیم کرتے ہیں کہ آج کے دور میں اسپتالوں کو علاج و معالجے کے بجائے منافع بخش کاروباری مراکز میں تبدیل کر دیا گیا ہے، جہاں ہر ممکن طریقے سے پیسے بٹورے جا رہے ہیں۔ اسی تناظر میں نجی اسپتالوں میں غیر ضروری طبی جانچ اور غیر ضروری سرجری کا معاملہ پیر کو راجیہ سبھا میں اٹھایا گیا، اور اس رجحان پر قابو پانے کا مطالبہ کیا گیا۔ دلچسپ پہلو یہ ہے کہ یہ مسئلہ خود حکمراں جماعت سے تعلق رکھنے والے رکن، ایرنا کدادی، نے اٹھایا۔ وہ کرناٹک سے بی جے پی کے راجیہ سبھا رکن ہیں۔ انہوں نے ’چیئرمین کی اجازت سے اٹھائے گئے معاملے‘ کے تحت نشاندہی کی کہ نجی اسپتالوں میں مریضوں سے غیر ضروری طبی جانچ کروائی جا رہی ہے اور غیر ضروری سرجری کی جا رہی ہیں، جس کے باعث مریضوں کا استحصال ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پرائیویٹ اسپتالوں میں ڈاکٹروں کی تنخواہوں کو اسپتال کے کاروبار سے جوڑا جا رہا ہے جس کی وجہ سے ڈاکٹرز زیادہ سے زیادہ ٹیسٹ اور سرجری پر زور دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نجی  اسپتالوں میں غیر تربیت یافتہ ڈاکٹروں کو تعینات کیا جا رہا ہے۔ کدادی نے کہا کہ ہیلتھ انشورنس کی وجہ سے نجی اسپتال مریضوں کا استحصال کر رہے ہیں۔اس کی وجہ سے غیر ضروری طور پر مریضوں کی سرجری کی جا رہی ہے اور بعض معاملات میں جعلی سرجری  کے دعوے کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے ڈاکٹروں اور نجی  اسپتالوں کو سزا دی جانی چاہئے اور ہیلتھ انشورنس ا سکیموں کی بددیانتی کو روکنے کیلئے سخت اقدامات کئے جانے چاہئیں۔  اس موقع پر آر جے ڈی لیڈر منوج جھا اور دیگر اراکین نے بھی الگ الگ موضوعات پر خطاب کیا۔


Share: