نئی دہلی، 25/ اگست 2025 (ایس او نیوز / ایجنسی) ہندوستان کی خلائی ایجنسی انڈین اسپیس ریسرچ آرگنائزیشن (ISRO) نے گگن یان مشن کے لیے پیراشوٹ پر مبنی ڈیسلریشن سسٹم کا پہلا انٹیگریٹڈ ایئر ڈراپ ٹیسٹ (IADT-01) کامیابی کے ساتھ مکمل کر لیا ہے۔ یہ ٹیسٹ خلا نوردوں کی محفوظ واپسی کو یقینی بنانے کے لیے حفاظتی نظام کی جانچ کا ایک اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔
اسرو کے مطابق یہ مظاہرہ بھارتی فضائیہ، ڈیفنس ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن (DRDO)، بحریہ اور کوسٹ گارڈ کے تعاون سے انجام دیا گیا۔ ادارے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر کہا: ’’گگن یان مشن کے لیے پیراشوٹ پر مبنی ڈیسلریشن سسٹم کی اینڈ ٹو اینڈ ڈیمانسٹریشن کے طور پر پہلا انٹیگریٹڈ ایئر ڈراپ ٹیسٹ کامیابی سے مکمل کیا گیا۔ یہ ٹیسٹ اسرو، ہندوستانی فضائیہ، ڈی آر ڈی او، بحریہ اور کوسٹ گارڈ کی مشترکہ کاوش ہے۔‘‘
اسرو کے چیئرمین وی نرائنن نے تصدیق کی کہ دسمبر میں گگن یان مشن کا پہلا بغیر انسان والا ٹیسٹ (جی-1) کیا جائے گا جس میں نصف انسان نما روبوٹ ’’ویوم مترا‘‘ (Vyommitra) خلا میں بھیجا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ گگن یان منصوبہ تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے اور اب تک تقریباً 80 فیصد یعنی سات ہزار سات سو ٹیسٹ مکمل ہو چکے ہیں، جبکہ باقی دو ہزار تین سو ٹیسٹ آئندہ مارچ تک مکمل کر لیے جائیں گے۔
سرکاری معلومات کے مطابق انسانی خلانوردی کے لیے ہیومن ریٹڈ لانچ وہیکل (HLVM3) کی تیاری اور زمینی جانچ بھی کامیابی کے ساتھ مکمل ہو گئی ہے۔ مزید یہ کہ کریو ماڈیول اور سروس ماڈیول کے پروپلشن سسٹمز تیار اور ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں، ماحولیاتی کنٹرول اور لائف سپورٹ سسٹم کا انجینئرنگ ماڈل بھی مکمل کر لیا گیا ہے، جبکہ کریو اسکیپ سسٹم (CES) کے لیے پانچ قسم کے موٹرس تیار اور اسٹیٹک ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔
مزید ڈھانچے کی تیاری بھی ہو چکی ہے جن میں ’’مداری ماڈیول تیاری کا مرکز، گگن یان کنٹرول سینٹر، کریو ٹریننگ سہولت، اور دوسرے لانچ پیڈ میں تبدیلیاں‘‘ شامل ہیں۔ اسی طرح ابتدائی ٹیسٹ مشن جیسے ٹی وی-ڈی1 (TV-D1) مکمل ہو چکا ہے جبکہ ٹی وی-ڈی2 (TV-D2) اور IADT-01 پر کام جاری ہے۔ گراؤنڈ نیٹ ورک، کمیونیکیشن لنکس، اور آئی ڈی آر ایس ایس-1 (IDRSS-1) فیڈر اسٹیشنز قائم ہو چکے ہیں۔ کریو ریکوری آپریشنز کا منصوبہ اور اثاثے بھی طے کر لیے گئے ہیں۔
پہلے بغیر انسان والے جی-1 مشن کے لیے سی-32 جی اسٹیج اور سی ای ایس موٹرس تیار ہیں، ایچ ایس-200 موٹرس اور کریو ماڈیول جٹیسننگ موٹر سمیت دیگر سسٹمز بھی اسٹیک کر دیے گئے ہیں۔ کریو ماڈیول اور سروس ماڈیول کی ساخت تیار ہے اور ابتدائی چیکس مکمل ہو چکے ہیں۔
گگن یان-1 میں ویوم مترا روبوٹ خلا کا سفر کرے گا۔ ہندوستان 2027 میں پہلا انسانی گگن یان مشن لانچ کرنے کا منصوبہ رکھتا ہے، جس کے بعد 2028 میں چندر یان-4، پھر زہرہ (Venus) مشن اور 2035 تک ’’بھارت انترکش اسٹیشن‘‘ قائم کرنے کا ہدف ہے۔ مزید یہ کہ 2040 تک ایک ہندوستانی خلا نورد کو چاند پر اتارنے کی منصوبہ بندی بھی شامل ہے۔