ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / ممبئی وانکھیڑے اسٹیڈیم: بی سی سی آئی دفتر سے لاکھوں مالیت کی آئی پی ایل جرسیوں کی چوری، سیکیورٹی گارڈ گرفتار

ممبئی وانکھیڑے اسٹیڈیم: بی سی سی آئی دفتر سے لاکھوں مالیت کی آئی پی ایل جرسیوں کی چوری، سیکیورٹی گارڈ گرفتار

Wed, 30 Jul 2025 20:14:56    S O News

ممبئی، 30 /جولائی (ایس او نیوز / ایجنسی) وانکھیڑے اسٹیڈیم میں بی سی سی آئی کے دفتر سے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) 2025 کی 261 جرسیوں کی چوری کا معاملہ سامنے آیا ہے، جن کی مالیت تقریباً 6.52 لاکھ روپے بتائی گئی ہے۔ اس واردات میں شامل 40 سالہ سیکیورٹی گارڈ فاروق اسلم خان کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے، جو میرا روڈ کا رہائشی ہے۔

پولیس کے مطابق، فاروق نے آن لائن جوے کی لت پوری کرنے کے لیے یہ جرسیاں چرائیں اور انہیں ہریانہ کے ایک آن لائن ڈیلر کو فروخت کر دیا۔ واقعہ 13 جون کو پیش آیا، لیکن حالیہ اسٹاک آڈٹ کے دوران اس کا انکشاف ہوا۔ سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے پتا چلا کہ فاروق ایک بڑا کارٹن اٹھا کر لے جا رہا تھا، جو چوری شدہ جرسیوں سے بھرا ہوا تھا۔

فاروق نے خریدار کو بتایا تھا کہ دفتر میں تزئین و آرائش کی وجہ سے اسٹاک کلیرنس سیل لگی ہے، اسی بہانے ڈیل کی گئی۔ فی الحال پولیس صرف 50 جرسیاں برآمد کر سکی ہے۔ آن لائن ڈیلر سے بھی تفتیش جاری ہے، جس کا کہنا ہے کہ اسے چوری کا علم نہیں تھا۔

فاروق نے اعتراف کیا ہے کہ جو رقم ملی تھی، وہ ساری آن لائن جوا کھیل کر ہار چکا ہے۔ پولیس اس کے بینک لین دین کی تفصیل کھنگال رہی ہے۔ بی سی سی آئی کی جانب سے 17 جولائی کو میرین ڈرائیو پولیس اسٹیشن میں ایف آئی آر درج کرائی گئی تھی۔


Share: