ممبئی ،21/ جنوری (ایس او نیوز/ایجنسی)بامبے ہائی کورٹ نے مہاراشٹر کے بدلاپور میں 23 ستمبر 2024 کو پیش آئے انکاؤنٹر کیس میں اہم فیصلہ سنایا ہے۔ عدالت نے ملزم اکشے شندے کی حراست میں موت کے لیے 5 پولیس افسران کو ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے ان کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کا حکم دیا ہے۔ عدالت نے مزید ہدایت دی کہ ریاستی حکومت دو ہفتوں کے اندر یہ اطلاع فراہم کرے کہ ان پولیس افسران کے خلاف تحقیقات کس ایجنسی کے سپرد کی جائیں گی۔ واضح رہے کہ اکشے شندے پر دو بچیوں کے ساتھ جنسی زیادتی کا سنگین الزام تھا۔
جسٹس ریوتی موہیتے ڈیرے اور جسٹس نیلا گوکھلے کی بنچ نے کہا کہ مجسٹریل انکوائری میں انکشاف ہوا ہے کہ ملزم کے انکاؤنٹر کے لیے وَین میں موجود 5 پولیس افسران ذمہ دار تھے۔ 12 اگست 2024 کو بدلاپور میں 2 بچیوں کے ساتھ جنسی زیادتی کا واقعہ پیش آیا تھا۔ اس کا کلیدی ملزم اکشے شندے تھا۔ 23 ستمبر کو پولیس انکاؤنٹر میں شندے کی موت ہو گئی تھی۔ اس انکاؤنٹر کی مجسٹریل انکوائری کرائی گئی۔ تقریباً 5 ماہ بعد آج بامبے ہائی کورٹ میں اس کی رپورٹ پیش کی گئی۔ ملزم اکشے شندے اسکول میں صفائی کا کام کرتا تھا۔ 17 اگست کو اسے گرفتار کیا گیا تھا۔
واضح ہو کہ بامبے ہائی کورٹ میں اکشے شندے کے والد انّا شندے کی عرضی پر سماعت ہو رہی ہے۔ انّا شندے نے اپنی عرضی میں الزام عائد کیا ہے کہ ان کے بیٹے کو پولیس نے فرضی انکاؤنٹر میں مار ڈالا تھا۔ اکشے کو بدلاپور کے ایک اسکول کے بیت الخلا میں 2 بچیوں کے ساتھ جنسی زیادتی کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔ ستمبر 2024 میں تلوجا جیل سے پوچھ تاچھ کے لیے لے جاتے وقت شندے کی مبینہ پولیس فائرنگ میں موت ہو گئی تھی۔ پولیس نے دعویٰ کیا کہ اس نے پولیس وَین میں موجود ایک پولیس افسر کی بندوق چھین لی، فائرنگ کی اور جوابی فائرنگ میں مارا گیا۔ اس کے بعد اس معاملے میں مجسٹریل انکوائری کا حکم دیا گیا۔