کلبرگی، 2 اگست (ایس او نیوز/ایجنسی) کرناٹک کے وزیر برائے دیہی ترقیات و پنچایت راج، انفارمیشن ٹیکنالوجی و ضلع کلبرگی کے انچارج وزیر پریانک کھرگے نے کلبرگی کو پائیدار سیمنٹ ٹیکنالوجی کا مرکز بنانے کی سمت میں ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے بین الاقوامی سیمنٹ کمپنیوں کے نمائندوں کے ساتھ ایک اعلیٰ سطحی ویڈیو کانفرنسنگ اجلاس منعقد کیا۔
اس اجلاس میں سوئٹزرلینڈ کے قونصل جنرل جوناس برنسویگ کی قیادت میں سوئس نیس انڈیا (Swissnex India) کے وفد نے شرکت کی اور ایل سی 3 (LC3) نامی جدید اور ماحول دوست سیمنٹ ٹیکنالوجی پر ایک جامع پریزنٹیشن پیش کیا۔ اس ٹیکنالوجی کے تحت تیار ہونے والا سیمنٹ چونا پتھر اور جلائی گئی مٹی (کیلسی نائیزڈ کلے) پر مبنی ہوتا ہے، جو روایتی سیمنٹ کے مقابلے میں تقریباً 40 فیصد کم کاربن ڈائی آکسائیڈ خارج کرتا ہے اور اس کی تیاری کی لاگت بھی 25 فیصد تک کم ہوتی ہے۔
اجلاس میں ضلع کی ڈپٹی کمشنر محترمہ فوزیہ ترنم سمیت دیگر ضلعی افسران نے بھی شرکت کی۔ وزیر پریانک کھرگے نے کہا کہ ایل سی 3 سیمنٹ ایک انقلابی اور پائیدار متبادل ہے، جو نہ صرف ماحولیاتی آلودگی کو کم کرنے میں مدد دے سکتا ہے بلکہ صنعتی اضلاع جیسے کلبرگی میں مقامی صنعتوں کے لیے کم لاگت میں پیداوار کا ایک مؤثر ذریعہ بھی بن سکتا ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ایل سی 3 سیمنٹ کی تیاری کے لیے موجودہ سیمنٹ کارخانوں میں کسی بڑے بنیادی تبدیلی کی ضرورت نہیں ہے، جس کے سبب یہ ٹیکنالوجی تیزی سے نافذ کی جا سکتی ہے۔ وزیر موصوف نے مقامی صنعتکاروں کے ساتھ بھی اس ٹیکنالوجی کے پائلٹ پراجیکٹ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
پریانک کھرگے نے واضح کیا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ کلبرگی کو ماحول دوست سیمنٹ ٹیکنالوجی کے میدان میں قومی سطح پر ایک ممتاز مقام دلایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں مختلف اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کا عمل شروع ہو چکا ہے اور جلد ہی مزید اقدامات اور اعلانات کیے جائیں گے۔
یہ اجلاس کلبرگی کے صنعتی و ماحولیاتی مستقبل کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جو پائیدار ترقی کے اہداف کی سمت ایک مؤثر قدم ثابت ہو سکتا ہے۔