نئی دہلی ، 12/فروری (ایس او نیوز /ایجنسی)دہلی-این سی آر سمیت شمالی ہند میں موسم خوشگوار ہے اور اتر پردیش، بہار سمیت کئی ریاستوں کے باشندوں کو شدید سردی سے تقریباً راحت مل گئی ہے۔ تاہم، صبح اور شام کے وقت ہلکی ٹھنڈ محسوس ہو رہی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق، آج دہلی میں آسمان صاف رہنے کی توقع ہے اور مغربی ہواؤں کے چلنے کا امکان ہے۔
دوسری طرف آئی ایم ڈی کےمطابق شمال مشرقی بنگلہ دیش اور آس پاس کے علاقوں میں طوفانی ہواؤں کا گھیرا بن رہا ہے جس کی وجہ سے شمال مشرقی ہند میں شدید بارش کا خدشہ ہے۔ آج اور کل (13-12 فروری) ناگالینڈ، منی پور، میزورم اور تریپورہ میں بارش ہو سکتی ہے۔ 6 ریاستوں میں بارش کا الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
پہاڑی ریاستوں کی بات کی جائے تو ہماچل پردیش میں موسم پھر بدل رہا ہے۔ برفباری کے علاوہ سرد لہر کا قہر ابھی بھی جاری ہے۔ محکمہ موسمیات نے آج تین ضلعوں منڈی، اونا اور بلاس پور میں سرد لہر کی وارننگ دی ہے۔ وہیں کچھ مقامات پر بادل چھائے رہیں گے جبکہ زیادہ تر علاقوں میں موسم صاف رہنے کا اندازہ ہے۔ زیادہ زیادہ درجہ حرارت میں ایک سے تین ڈگری تک کی گراوٹ درج کی گئی ہے۔
راجستھان میں منگل کو کچھ علاقوں میں یوئی بارش نے ہلکی ٹھنڈ پیدا کر دی ہے۔ حالانکہ آج یہاں بارش ہونے کا کوئی امکان نہیں ہے۔ اس دوران صبح شام ہلکی ٹھنڈ محسوس ہوگی جبکہ دن میں تیز دھوپ دیکھنے کو ملے گا۔ پنجاب میں بھی زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت میں اضافہ ہو رہا ہے۔
وہیں اتراکھنڈ میں ہلکی دھوپ کھلنے لگی ہے۔ خشک موسم کی وجہ زیادہ تر علاقوں ویسٹرن ڈسٹربینس کا کمزور ہونا بتایا جا رہا ہے جبکہ بہار میں اُتر پچھوا ہوا کے بہاؤ سے موسم کا مزاج بدل رہا ہے۔ شمالی علاقوں کے زیادہ ترحصوں میں ہلکے سے درمیانی درجے کے کہرے کا امکان ہے۔ پٹنہ سمیت دیگر ضلعوں کا موسم خشک بنا رہے گا۔ بہار میں 24 گھنٹے بعد درجہ حرارت میں گراوٹ آسکتی ہے۔