
ریاض 7/مارچ (پریس ریلیز) بھٹکل کا معروف دینی ادارہ جامعہ اسلامیہ بھٹکل وفد کی سعودی عرب کے شہر ریاض میں آمد کے موقع پر بھٹکل مسلم ایسوسی ایشن ریاض (BMA Riyadh) کے زیر اہتمام افطار پروگرام کا انعقاد کیا گیا اور معزز مہمان، مولانا طلحہ رکن الدین ندوی اور مولانا وصی اللہ ڈی ایف ندوی کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔
اس موقع پر جامعہ اسلامیہ کا مختصر تعارف پیش کرتے ہوئے مولانا طلحہ رکن الدین نے اولاد کی تربیت پر زور دیا اور کہا کہ ہمیں اپنی اصلاح اور اپنا محاسبہ کرتے رہنا چاہیے۔ انہوں نے رمضان المبارک اور قرآن کے گہرے تعلق پر روشنی ڈالی اور حاضرین کو اس مبارک مہینے میں قرآن سے مضبوط وابستگی اختیار کرنے کی تلقین کی۔ انہوں نے بتایا کہ امسال 38 طلبہ نے حفظِ قرآن مکمل کیا ہے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مولانا وصی اللہ ڈی ایف نے جمعہ کے وقت نبی اکرم ﷺ کی ہدایات، رمضان کی برکتوں اور دعا کی قبولیت پر روشنی ڈالی اور حاضرین سے اس مبارک موقع پر خصوصی دعائیں کرنے کی تلقین کی۔
جماعت کے جنرل سیکریٹری ارشاد شیخ نے نظامت کی، صدر عمار قاضیہ نے اختتامی کلمات پیش کرنے کے ساتھ آخر میں تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔