ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / 2027 کے انتخابات میں سماج وادی پارٹی اقتدار میں آتی ہے تو غریب خواتین کو ہر ماہ دئے جائیں گے تین ہزار روپئے؛ اکھلیش یادو کا اعلان

2027 کے انتخابات میں سماج وادی پارٹی اقتدار میں آتی ہے تو غریب خواتین کو ہر ماہ دئے جائیں گے تین ہزار روپئے؛ اکھلیش یادو کا اعلان

Sun, 22 Jun 2025 18:41:37    S O News
2027 کے انتخابات میں سماج وادی پارٹی اقتدار میں آتی  ہے تو غریب خواتین کو ہر ماہ دئے جائیں گے تین ہزار روپئے؛ اکھلیش یادو کا اعلان

لکھنو 22/جون (ایس او نیوز) سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے صدر اور اترپردیش کے سابق وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو نے اعلان کیا ہے کہ  اگر 2027 میں سماج وادی پارٹی اقتدار میں آتی ہے تو ’اِستری سمّان سمردھی یوجنا‘کے تحت غریب خواتین کو ہر ماہ 3000 روپے دیے جائیں گے۔

لکھنؤ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اکھلیش یادو  نے بی جے پی حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ  سماج وادی پارٹی کی ’پنشن یوجنا‘ کو بی جے پی نے دوسری ریاستوں میں نافذ کر کے حکومت بنا لی۔ اب وہی بی جے پی حکومت خواتین کے ساتھ دھوکہ کر رہی ہے۔

اکھلیش یادو نے سماج وادی پارٹی کی حکومت کی بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’سماج وادی پارٹی حکومت میں بیٹیوں کو سب سے زیادہ لیپ ٹاپ ملتا تھا، اب یہ لوگ غیر معیاری ٹیبلیٹ دے رہے ہیں۔ اس حکومت میں خواتین اور بیٹیاں بھی محفوظ نہیں ہیں۔ اخبار میں چھوٹی چھوٹی بچیوں کے ساتھ عصمت دری اور چھیڑ چھاڑ کی خبریں پڑھنے کو مل رہی ہیں۔ ریاست میں لا اینڈ آرڈر کی بات کرنے والی حکومت کی یہ پالیسی زیرو ہو گئی ہے۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے زور دے کر کہا کہ 2027 میں خواتین کو زیادہ سے زیادہ انتخابی ٹکٹ دے کر سماج وادی پارٹی اسمبلی میں ان کی نمائندگی بھی بڑھائے گی۔

اکھلیش یادو نے بی جے پی پر پولیس سے سیاسی کام کرانے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ’’پولیس صحیح طریقہ سے کام نہیں کر رہی ہے، پولیس لوگوں پر جھوٹا مقدمہ لکھ رہی ہے، بی جے پی کو انتخاب میں جیت دلانے کے لیے کام کر رہی ہے۔ ایسی صورت میں پولیس سے لا اینڈ آرڈر کی توقع نہیں کی جا سکتی۔‘‘

اکھلیش یادو نے الیکشن کمیشن پر بھی سنگین الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ’’الیکشن کمیشن بی جے پی کے دباؤ میں کام کر رہا ہے۔ انتظامیہ کی غیر جانبداری ختم ہوتی جا رہی ہے اور پولیس کا استعمال انتخاب میں دھاندلی کے لیے کیا جا رہا ہے۔‘‘ کُندرکی اسمبلی ضمنی انتخاب کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس وقت کا سی سی ٹی وی فوٹیج دیکھیں گے تو پتہ چلے گا کہ سادی وردی میں پولیس اہلکار ووٹ دلاتے ہوئے نظر آ ئیں گے۔

 


Share: