ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / "لوک سبھا انتخاب میں بی جے پی کو 400 سیٹیں ملتیں تو بابا صاحب کا آئین ختم ہو جاتا، مودی کا آئین آ جاتا"

"لوک سبھا انتخاب میں بی جے پی کو 400 سیٹیں ملتیں تو بابا صاحب کا آئین ختم ہو جاتا، مودی کا آئین آ جاتا"

Sat, 21 Dec 2024 10:39:28    S.O. News Service
"لوک سبھا انتخاب میں بی جے پی کو 400 سیٹیں ملتیں تو بابا صاحب کا آئین ختم ہو جاتا، مودی کا آئین آ جاتا"

نئی دہلی   ، 21/دسمبر (ایس او نیوز /ایجنسی)کانگریس نے پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس کے اختتام پر جمعہ کے روز وزیراعظم نریندر مودی کی قیادت والی حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اجلاس کے دوران جو کچھ ہوا، وہ فاشزم کی علامت ہے۔ کانگریس کا دعویٰ ہے کہ پارلیمنٹ احاطے میں پیش آئے دھکا مُکی کے واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج جاری کی جائے اور پولیس میں کی گئی شکایت کے مطابق ایف آئی آر درج کی جائے۔

راجیہ سبھا میں کانگریس کے ڈپٹی لیڈر پرمود تیواری نے آج میڈیا کے سامنے کہا کہ ’’امت شاہ کے بیان سے ثابت ہو گیا ہے کہ اگر لوک سبھا انتخاب میں بی جے پی کو 400 سیٹیں ملتیں تو بابا صاحب کا آئین ختم ہو جاتا اور ’مودی جی کا آئین‘ ہوتا۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’ہم اس مطالبہ پر قائم ہیں کہ وزیر داخلہ کو معافی مانگنی چاہیے اور عہدہ سے استعفیٰ دینا چاہیے۔ جس نے معمار آئین کی بے عزتی کی ہو، اسے وزارتی عہدہ پر نہیں رہنا چاہیے۔‘‘

پرمود تیواری نے پی ایم مودی سے معافی کا مطالبہ کیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’وزیر اعظم نریندر مودی کو معافی مانگنی چاہیے کیونکہ امت شاہ کی حمایت کر کے وہ بھی باباصاحب کی بے عزتی میں برابر کے شریک بنے ہیں۔‘‘ کانگریس لیڈر نے الزام عائد کیا کہ حال کے واقعات پر نظر ڈالیں تو جو کچھ مودی حکومت نے کیا ہے، وہ فاشزم کی مثال ہے۔ اسی لیے میں کہتا ہوں کہ بی جے پی ایک فاشسٹ پارٹی ہے۔

لوک سبھا میں کانگریس کے ڈپٹی لیڈر گورو گگوئی نے بھی میڈیا کے سامنے بی جے پی کو ہدف تنقید بنایا۔ انھوں نے کہا کہ بی جے پی کتنا بھی دھیان بھٹکانے کی کوشش کر لے، لیکن امت شاہ کی تقریر سے متعلق 12 سیکنڈ کی ویڈیو برسراقتدار طبقہ اور امت شاہ پر بھاری پڑے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر بی جے پی کو لگتا ہے کہ ایف آئی آر درج کرنے سے راہل گاندھی جھک جائیں گے، تو یہ ان کی غلط فہمی ہے۔
 


Share: