منگلورو، 22 جون (ایس او نیوز): ضلع جنوبی کنڑا کے کڈبا تعلقہ کے الانکارو گاؤں میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا، جہاں ایک شخص پر اپنی بیوی کو قتل کرنے کے بعد خودکشی کرنے کا شبہ ظاہر کیا گیا ہے۔ یہ واقعہ سنیچر کو النکارو کے کجے علاقے میں واقع ایک کرایہ کے مکان میں پیش آیا، جس کے بعد پورے علاقے میں سنسنی پھیل گئی۔
پولیس کے مطابق متوفیوں کی شناخت 40 سالہ سنگیتا اور ان کے شوہر دنیش کے طور پر ہوئی ہے۔ دونوں اپنے بچے کے ساتھ النکارو کے کجے علاقے میں ایک کرایہ کے مکان میں رہائش پذیر تھے۔ ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ میاں بیوی کے درمیان کافی عرصے سے گھریلو اختلافات چل رہے تھے۔
اہل خانہ کے مطابق دنیش تقریباً ایک ماہ قبل گھر چھوڑ کر چلا گیا تھا۔ تاہم وہ جمعہ کے روز اچانک دوبارہ گھر واپس آیا۔ اگلے دن سنیچر کو جب گھر میں کسی قسم کی نقل و حرکت نظر نہیں آئی اور فون کالز کا بھی جواب نہیں ملا تو رشتہ دار تشویش میں مبتلا ہو کر مکان پہنچے۔
گھر کا دروازہ کھولنے پر سنگیتا کی لاش خون میں لت پت حالت میں پائی گئی جبکہ دنیش کی لاش پھندے سے لٹکی ہوئی تھی۔ موقع پر ان کی دو سالہ بچی بھی موجود تھی، جو خوش قسمتی سے محفوظ رہی۔ والدین کی موت کے بعد بچی یتیم ہو گئی ہے، جس پر مقامی لوگوں نے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
پولیس کو شبہ ہے کہ دنیش نے گھریلو جھگڑے کے دوران کسی تیز دھار ہتھیار سے اپنی بیوی کو قتل کیا اور بعد ازاں خود پھندا لگا کر جان دے دی۔ تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ حتمی نتیجہ پوسٹ مارٹم رپورٹ اور فرانزک شواہد سامنے آنے کے بعد ہی اخذ کیا جائے گا۔
میڈیا رپورٹوں کے مطابق دنیش کارکلا تعلقہ کے بزوجولی علاقے کا رہنے والا تھا اور النکارو پیٹ میں ایک ہوٹل چلاتا تھا۔ سنگیتا کا تعلق سِدّی کٹے سے بتایا گیا ہے۔ مقامی سطح پر دنیش ایک ہوٹل کاروباری کے طور پر جانا جاتا تھا۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی کڈبا پولیس موقع پر پہنچی اور جائے وقوع کا معائنہ کیا۔ پولیس نے قتل اور غیر فطری موت کے سلسلے میں مقدمات درج کرکے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔