ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / مرزا پور-پریاگ راج ہائی وے پر خوفناک حادثہ: بس اور بولیرو میں تصادم، 10 جاں بحق، 19 زخمی

مرزا پور-پریاگ راج ہائی وے پر خوفناک حادثہ: بس اور بولیرو میں تصادم، 10 جاں بحق، 19 زخمی

Sat, 15 Feb 2025 17:45:58    SO News
مرزا پور-پریاگ راج ہائی وے پر خوفناک حادثہ: بس اور بولیرو میں تصادم، 10 جاں بحق، 19 زخمی

پریاگ راج، 15/فرور ی (ایس او نیوز /ایجنسی)اتر پردیش کے پریاگ راج میں جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی رات ایک خوفناک سڑک حادثہ پیش آیا، جہاں ایک بس اور بولیرو کے درمیان زوردار تصادم ہوا۔ اس حادثے میں 10 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے، جبکہ 19 دیگر زخمی ہوگئے۔ یہ دردناک واقعہ پریاگ راج-مرزا پور ہائی وے پر میجا تھانہ علاقے میں پیش آیا۔

پولیس کے مطابق، مرنے والے تمام افراد چھتیس گڑھ کے کوربا ضلع سے آئے تھے اور پریاگ راج کے مقدس سنگم میں اشنان کرنے کے بعد بولیرو میں واپس جا رہے تھے۔ حادثہ رات تقریباً 2 بجے اس وقت پیش آیا جب ایک تیز رفتار بولیرو مخالف سمت سے آ رہی بس سے ٹکرا گئی۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ بولیرو کا اگلا حصہ مکمل طور پر تباہ ہو گیا اور گاڑی پچک کر رہ گئی۔

حادثے کے بعد موقع پر افراتفری مچ گئی۔ مقامی لوگوں اور راہگیروں نے فوراً پولیس کو اطلاع دی۔ پولیس کے موقع پر پہنچنے کے بعد راحت اور بچاؤ کا کام شروع کیا گیا۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جبکہ شدید زخمی افراد کو ضلع اسپتال بھیجا گیا۔ جاں بحق ہونے والے یاتریوں کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔

بولیرو میں سوار 10 عقیدت مندوں کی موت کے علاوہ، حادثے میں بس میں سوار 19 عقیدت مند بھی زخمی ہوئے ہیں۔ یہ تمام عقیدت مند مدھیہ پردیش کے راج گڑھ ضلع کے رہائشی بتائے جا رہے ہیں، جو سنگم میں اشنان کرنے کے بعد وارانسی جا رہے تھے۔ زخمیوں کو ابتدائی علاج کے لیے سی ایچ سی رام نگر اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔

پولیس حادثے کی وجوہات کی جانچ میں مصروف ہے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق، تیز رفتاری اور اندھیرے کے سبب حادثہ پیش آیا۔ تاہم، پولیس تمام پہلوؤں پر غور کر رہی ہے۔


Share: