ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / ہندوستان میں 'ایچ ایم پی وی پازیٹو' مریضوں کی تعداد 6 تک پہنچی، تمل ناڈو اور بنگال میں تین نئے کیس رپورٹ

ہندوستان میں 'ایچ ایم پی وی پازیٹو' مریضوں کی تعداد 6 تک پہنچی، تمل ناڈو اور بنگال میں تین نئے کیس رپورٹ

Tue, 07 Jan 2025 12:14:32    S.O. News Service

نئی دہلی ، 7/ جنوری (ایس او نیوز/ایجنسی)چین میں ہیومن میٹانیومو وائرس (ایچ ایم پی وی) کی وجہ سے ایمرجنسی کی صورت حال پیدا ہو چکی ہے اور اب ہندوستان میں بھی اس وائرس کے متاثرہ مریضوں کی تعداد میں اضافہ دیکھنے کو ملا ہے، جس سے عوام میں تشویش بڑھ گئی ہے۔ پہلے کرناٹک میں 2 اور گجرات میں ایک بچے کے ایچ ایم پی وی پازیٹو ہونے کی خبریں آئی تھیں، لیکن اب تمل ناڈو میں بھی اس وائرس کے 2 نئے کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ اس کے علاوہ، مغربی بنگال کے دارالحکومت کولکاتا میں بھی ایک ایچ ایم پی وی پازیٹو مریض کا معاملہ سامنے آیا ہے، جس سے ملک میں اس وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 6 ہو گئی ہے۔

خبر رساں ایجنسی ’پی ٹی آئی‘ کے مطابق تمل ناڈو واقع چنئی شہر میں 2 ایچ ایم پی وی کیسز دیکھنے کو ملے ہیں جو کہ الگ الگ اسپتالوں سے تعلق رکھتے ہیں۔ حالانکہ کچھ خبروں میں ایک معاملہ سلیم کا بتایا جا رہا ہے۔ فی الحال ان معاملوں کو لے کر کوئی تفصیلی جانکاری سامنے نہیں آئی ہے۔ اس درمیان ریاستی صحت محکمہ کے افسران نے ایچ ایم پی وی کی جانچ کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات اور اس کے انفیکشن کو روکنے کے لیے کی جانے والی احتیاطوں پر تبادلہ خیال کے لیے ایک میٹنگ کی ہے۔ امید کی جا رہی ہے کہ جلد ہی اس سلسلے میں تفصیلی جانکاری سامنے آئے گی۔ کولکاتا میں موجود ایچ ایم پی وی مریض کے تعلق سے بھی کوئی تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں۔ جس طرح سے ہندوستان میں اس وائرس کا حملہ شروع ہو گیا ہے، اس سے اندیشوں کے بادل منڈلانے شروع ہو گئے ہیں۔

چونکہ ایچ ایم پی وی کا حملہ 14 سال تک کے بچوں پر دیکھنے کو مل رہا ہے، اس لیے محکمہ صحت اس معاملے پر کسی بھی طرح کی بداحتیاطی نہیں کرنا چاہتا۔ ہندوستان بھر میں سامنے آئے ایچ ایم پی وی معاملوں پر بھلے ہی حکومتیں کہہ رہی ہیں کہ فکر کرنے کی کوئی ضرورت نہیں، لیکن مرکزی حکومت سے لے کر دہلی، مہاراشٹر، کرناٹک، گجرات اور راجستھان جیسی ریاستوں کی حکومتیں گائیڈلائنس جاری کر چکی ہیں۔


Share: