ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / ہماچل پردیش میں برفباری اور بارش سے حالات کشیدہ، منالی میں 5000 سیاحوں کی بچاؤ کارروائی جاری

ہماچل پردیش میں برفباری اور بارش سے حالات کشیدہ، منالی میں 5000 سیاحوں کی بچاؤ کارروائی جاری

Sat, 28 Dec 2024 13:07:38  Office Staff   S.O. News Service

شملہ، 28/دسمبر (ایس او نیوز /ایجنسی) ہماچل پردیش میں جمعہ کی صبح سے برفباری اور بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔ روہتانگ، شنکولا اور بارالاچا درہ میں دو دو فٹ تک برفباری ہوئی ہے، جبکہ منالی میں اولے گرے ہیں۔ کوفری اور نارکنڈا میں 2 سے 3 انچ تک برف پڑی ہے اور چوپال کے متعدد علاقوں میں 4 سے 5 انچ تک برفباری ریکارڈ کی گئی ہے۔ برفباری کی وجہ سے اٹل ٹنل روہتانگ سیاحوں کے لیے بند کر دی گئی ہے اور لاہول وادی میں بس خدمات بھی معطل ہو گئی ہیں۔ کلپا میں تین، کوفری میں دو، منالی میں پانچ، شملہ، اونا، ناہن اور کانگڑا میں دو دو اور جوبڑہٹی و ڈلہوزی میں تین تین ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔

منالی کے سیاحتی مقام سولنگ نالا میں کل شام 4 بجے برفباری تیز ہوگئی تھی۔ ناگ مندر کے پاس برف جم جانے سے گاڑی پھنسنے لگے۔ تقریباً 2000 گاڑی پھنسنے کی اطلاع ہے۔ حالات خراب ہوتا دیکھ کر منالی کے ڈی ایس پی کے ڈی شرما نے مورچہ سنبھالا اور گاڑیوں کو نکالنے کا کام شروع کر دیا۔ اندازہ ہے کہ گاڑیوں میں تقریباً 5 ہزار سیاح سوار ہیں۔

کچھ سیاحوں کی منمانی سے راحت و بچاؤ مہم میں دقت پیش آنے کی بات بھی سامنے آئی ہے۔ ڈی ایس پی نے بتایا کہ برفباری کا سلسلہ تیز ہوتے ہی سیاحوں سے 4 بجے ہی لوٹنے کی گزارش کی گئی تھی لیکن کچھ سیاح وقت پر گاڑی تک نہیں پہنچ پائے۔ زیادہ برفباری کے سبب گاڑی پھنستے رہے اور جام لگ گیا۔ حالانکہ زیادہ تر سیاحوں کو ریسکیو کر لیا گیا ہے۔ باقی گاڑیوں کو بھی منالی بھیجا جا رہا ہے۔

محکمہ موسمیات نے آئندہ دو دن کے لیے سیاحوں کو جوکھم والے اور لینڈ سلائڈ کے امکان والے مقامات کا رخ نہیں کرنے کو کہا ہے۔ ساتھ ہی محکمہ نے اگلے 24 گھنٹے کے دوران کُلو، شملہ اور منڈل میں برفباری، سولن، اونا اور بلاس پور میں اولے پڑنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔


Share: