ممبئی، 26 مئی (ایس او نیوز / ایجنسی)ممبئی اور اس کے مضافات میں پیر کے روز شدید موسلادھار بارش کے باعث عام زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی۔ شہر کے مختلف نشیبی علاقوں میں پانی بھر گیا، جب کہ لوکل ٹرینوں کی خدمات میں خلل پڑا اور سڑکوں پر ٹریفک جام کی صورتحال پیدا ہو گئی۔ محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے ممبئی میٹروپولیٹن ریجن (ایم ایم آر) سمیت رائے گڑھ، رتنا گیری اور سندھو درگ کے لیے اورنج الرٹ جاری کیا ہے۔ کچھ علاقوں میں 61 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چلنے کی بھی اطلاعات ملی ہیں۔
پیر کی صبح شہریوں کی آنکھیں بارش، گرج چمک اور بجلی کی کڑک کے ساتھ کھلیں۔ پنویل اور دیگر علاقوں میں گرجدار بارش نے عوام کو حیرت میں ڈال دیا۔ کرلا، سیون، دادر، پریل، باندرہ، ماہم اور کالا چوکی جیسے علاقوں میں پانی جمع ہونے کے باعث عوام کو شدید دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا۔ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں گاڑیوں کو سیلاب زدہ سڑکوں پر پانی میں رینگتے ہوئے دیکھا گیا۔
برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی) کے مطابق شہر اور مضافات میں کسی بڑے پیمانے پر پانی جمع ہونے کی اطلاع نہیں ہے، تاہم کئی نشیبی علاقوں میں سیلاب جیسی صورتحال ضرور دیکھی گئی۔ ادارے نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ احتیاط برتیں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 25 مئی کی صبح 8 بجے سے 26 مئی کی صبح 8 بجے تک ممبئی شہر میں 58 ملی میٹر، مشرقی مضافاتی علاقوں میں 19 ملی میٹر اور مغربی مضافاتی علاقوں میں 15 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ قلابہ میں 295 ملی میٹر بارش درج کی گئی، جو مئی میں ایک نیا ریکارڈ ہے، جبکہ سانتا کروز میں 197.7 ملی میٹر بارش ہوئی جو پچھلے کئی برسوں کا ریکارڈ توڑ چکی ہے۔
شدید بارش کے سبب ممبئی کی لائف لائن سمجھی جانے والی لوکل ٹرینوں کی خدمات بھی متاثر ہوئیں۔ سنٹرل، ویسٹرن اور ہاربر لائنز پر ٹرینیں 15 سے 25 منٹ کی تاخیر سے چل رہی ہیں۔ دھند اور بارش کے سبب سڑکوں پر بھی ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ہے۔
ریاست کے نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے ریاستی مشینری کو ہائی الرٹ پر رہنے کی ہدایت دیتے ہوئے راحت و بچاؤ کے تمام اقدامات بروقت مکمل کرنے کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ موسم کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور بلا ضرورت گھروں سے باہر نہ نکلیں۔
محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں میں ممبئی اور مضافاتی علاقوں میں ہلکی سے معتدل بارش کی پیش گوئی کی ہے۔