ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل میں شدید بارش کا سلسلہ جاری؛ بیلکے میں مویشیوں کے باڑے پر گری بجلی، نیشنل ہائی وے پھرتالاب میں تبدیل

بھٹکل میں شدید بارش کا سلسلہ جاری؛ بیلکے میں مویشیوں کے باڑے پر گری بجلی، نیشنل ہائی وے پھرتالاب میں تبدیل

Fri, 13 Jun 2025 01:48:26    S O News
بھٹکل میں شدید بارش کا سلسلہ جاری؛ بیلکے میں مویشیوں کے باڑے پر گری بجلی، نیشنل ہائی وے پھرتالاب میں تبدیل

بھٹکل 12/جون (ایس او نیوز) ضلع اُترکنڑا کے ساحلی علاقوں — بھٹکل، ہوناور، کمٹہ، انکولہ، اور کاروار — سمیت پڑوسی  ضلع اُڈپی  میں بھی بدھ کی رات سے جمعرات دیر رات شدید بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ موسم کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے ضلعی انتظامیہ نے پیشگی اقدامات کے تحت   ریڈ الرٹ پہلے ہی جاری کیا گیا تھا۔ بارش کی شدت کے پیش نظر جمعہ کو بھی تمام اسکول بند رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے

موسلادھار بارش کے دوران مختلف علاقوں سے گرج چمک  اور بعض مقامات پر بجلی گرنے کی بھی اطلاعات ہیں،جبکہ مسلسل بارش کے باعث  زندگی کا نظام درہم برہم ہوگیا ہے اور لوگ گھروں، دفاتر اور دکانوں میں محصور ہوکر رہ گئے ہیں۔

bhatkal-heavy-rain-circle-1

زور دار اور سلسلہ وار بارش کی وجہ سے بھٹکل  شمس الدین سرکل اور رنگین کٹے نیشنل ہائی پھر ایک بار تالاب میں تبدیل ہوگیا اور ہائی وے پر پانی جمع ہونے سے گاڑیوں کو گزرنے میں شدید دشواری پیش آئی، ہائی وے سے متصل سڑک ساگر روڈ اور تینگن گونڈی کراس کے ساتھ ساتھ اولڈ بس اسٹینڈ پر بھی  بھاری مقدار میں  پانی جمع ہوجانے  سے سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں۔ جبکہ شہر کے اندرونی راستے، قدوائی روڈ، جامعہ اسٹریٹ، غوثیہ اسٹریٹ، آزاد نگر، کوگتی وغیرہ  علاقے  شدید بارش کے باعث ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگیں۔

شدید بارش کے نتیجے میں مسقط کالونی، سلمان آباد، منکولی، بندر روڈ، بینگرے وغیرہ علاقوں میں  کئی مکانوں اور گھروں کے کمپاونڈوں کے اندر پانی گھس جانے سے لوگوں کو سخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔

بھٹکل تعلقہ کے بیلکے میں بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب کو موسلادھار بارش کے دوران تیز بجلی گرنے سے وینکٹیش دُرگپّا نائک کے مویشیوں کے باڑے  میں آگ بھڑک اٹھی، جس سے باڑے کی چھت مکمل طور پر جل گئی۔ خوش قسمتی سے چاروں جانور وقت پر نکال لیے گئے، اگرچہ دو جانوروں کو معمولی چوٹیں آئیں۔ باڑے میں جانوروں کے لئے جمع کرکے  رکھی گئی گھاس بھی جل کر خاک ہوگئی، فوری طور پر فائر بریگیڈ کا عملہ جائے وقوع پر پہنچنے سے آگ کو مزید پھیلنے سے روک دیا گیا۔

bhatkal-heavy-rain-ranginkatte-1

کرناٹک کے ساحلی شہر مینگلورو میں بارش میں جمعرات کو کچھ کمی دیکھی گئی  لیکن بھٹکل سے اُڈپی تک کئی علاقوں میں بارش کا زور برقرار  رہا۔ ہوناور، کمٹہ، انکولہ اور کاروار میں صبح تک موسلادھار بارش ہونے کے بعد ، دوپہر میں معمولی کمی دیکھی گئی تھی البتہ آسمان ہنوز سیاہ بادلوں سے ڈھکا ہوا  تھا۔

بھٹکل سمیت تینوں ساحلی اضلاع میں  17 جون تک تیز بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے جس کو دیکھتے ہوئے تینوں اضلاع دکشن کنڑا، اُڈپی اور اُترکنڑا  میں 17 جون تک ریڈ الرٹ جاری رکھا گیا ہے۔

بھٹکل میں پچھلے چوبیس گھنٹے میں 156 ایم ایم بارش ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ اس سال کے مانسون میں  اب تک 1058.9 ایم ایم بارش درج ہوئی ہے۔

Click here for report in English

Click here to watch special video report


Share: