ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / دہلی، یوپی سمیت کئی ریاستوں میں موسمی الرٹ، مانسون کی پیش قدمی جاری

دہلی، یوپی سمیت کئی ریاستوں میں موسمی الرٹ، مانسون کی پیش قدمی جاری

Sat, 31 May 2025 11:41:42    S O News

نئی دہلی ،31/مئی (ایس او نیوز /ایجنسی)مانسون کی قبل از وقت آمد نے جہاں کیرالہ سے اپنی شروعات کی، وہیں ملک کی مختلف ریاستوں میں اس کے تیز رفتار پھیلاؤ کے سبب درجہ حرارت میں نمایاں کمی دیکھی جا رہی ہے۔ دہلی-این سی آر، پنجاب، ہریانہ اور اتر پردیش میں تیز ہواؤں اور ہلکی بارش نے جھلسا دینے والی گرمی سے لوگوں کو بڑی راحت دی ہے۔ دوسری طرف، کرناٹک، مہاراشٹر، تمل ناڈو اور شمال مشرقی ریاستوں میں موسلا دھار بارش کے سبب معمولات زندگی متاثر ہوئے ہیں۔ محکمہ موسمیات نے موسمی خطرات کو دیکھتے ہوئے متعدد علاقوں میں ریڈ اور اورنج الرٹ جاری کیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق دہلی میں آنے والے کچھ دنوں تک آسمان میں بادل چھائے رہنے کا امکان ہے جبکہ اگلے کچھ دنوں تک ہمالیائی مغربی بنگال اور میگھالیہ، اروناچل پردیش، ناگالینڈ، منی پور، میزورم اور تریپورہ میں شدید بارش ہو سکتی ہے۔ اس کے علاوہ اتر پردیش، ہریانہ اور پنجاب میں تیز ہوائیں چلیں گی اور گرج و چمک کے ساتھ ہلکی سے درمیانی بارش کے آثار ہیں۔

محکمہ موسمیات نے پہاڑی علاقوں میں درمیانی سے شدید بارش کا امکان ظاہر کیا ہے جبکہ جموں کشمیرو لداخ میں تیز ہواؤں اور گرج-چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔ اس کے علاوہ ہماچل پردیش، ہریانہ، چنڈی گڑھ اور دہلی میں بھی درمیانی سطح کی بارش کا امکان ہے۔ یکم جون تک ان ریاستوں میں بارش ہونے کے آثار ہیں۔ گجرات، مراٹھواڑہ اور گوا میں بھی درمیانی بارش ہو سکتی ہے جبکہ کیرالہ شدید بارش کی پیش گوئی ہے۔

گزشتہ سال مئی کے آخر میں ’نوتپا‘ کی وجہ سے شدید گرمی پڑ رہی تھی۔ حالانکہ اس بار تیز ہواؤں اور بارش کے سلسلہ کی وجہ سے یہ بے اثر ہوتا ہوا دکھائی دے رہا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 31 مئی کو بھی اتر پردیش کے تقریباً 50 ضلعوں میں بارش کا امکان ہے۔ 31 مئی اور 1 جون کو بادل چھائے رہیں گے۔ کئی جگہوں پر 45 سے 55 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل سکتی ہیں۔

بہار، جھارکھنڈ اور چھتیس گڑھ میں بھی موسم کا مزاج بدلنے والا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کئی ضلعوں میں ہلکی سے درمیانی بارش اور تیز ہواؤں کی وجہ سے درجہ حرارت میں کمی درج کی جائے گی۔ ویشالی، پٹنہ، سیوان، چھپرہ، بھوجپور اور بکسر کے علاوہ کئی ضلعوں میں آندھی-بارش کا الرٹ ہے۔

مانسون کی بات کی جائے تو آٹھ دن قبل ہی اس نے کیرالہ میں دستک دے دی تھی۔ اس کے بعد تیزی سے آگے بڑھتا رہا اور وقت سے 12 دن پہلے ہی مہاراشٹر پہنچ گیا۔ فی الحال مانسون مہاراشٹر، کرناٹک، چھتیس گڑھ، آندھرا پردیش، اوڈیشہ اور مغربی بنگال کے کچھ حصوں میں فعال ہے۔ اب یہ شمال مشرقی ریاستوں کی طرف بڑھ رہا ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اتر پردیش اور دہلی تک پہنچنے میں مانسون کو ابھی 10 دنوں کا وقت لگ سکتا ہے۔


Share: