ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / ہریانہ: بلدیاتی انتخاب میں حامیوں کے نام کٹنے پر ناراض انل وج، کہا – ’بیرون ملک چلا جاؤں گا‘

ہریانہ: بلدیاتی انتخاب میں حامیوں کے نام کٹنے پر ناراض انل وج، کہا – ’بیرون ملک چلا جاؤں گا‘

Sun, 16 Feb 2025 12:48:18    S O News

 انبالہ ، 16/فرور ی (ایس او نیوز /ایجنسی)ہریانہ کے وزیر برائے توانائی و ٹرانسپورٹ انل وج کی ناراضگی بی جے پی حکومت سے کم ہونے کا نام نہیں لے رہی۔ حال ہی میں ایک معاملے میں انھیں ’وجہ بتاؤ نوٹس‘ کا جواب دینا پڑا تھا، اور اب بلدیاتی انتخابات میں امیدواروں کے سلیکشن کو لے کر انہوں نے سخت ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔ انبالہ کینٹ سٹی کونسل کے امیدواروں کی فہرست میں ان کے قریبی حامیوں کے نام شامل نہ کیے جانے پر وہ برہمی کا اظہار کر رہے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق آج انل وِج کے حامی ٹکٹ کٹنے کا معاملہ لے کر ان کی رہائش پر پہنچے تھے۔  اپنے حامیوں سے وِج نے کہا کہ میٹنگ میں وہ جاری لسٹ کو ہولڈ کروا دیں گے۔ اس کے بعد وِج نے بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا کو ایک ای میل بھی کر دیا ہے۔ اس میں انھوں نے لکھا ہے کہ اگر لسٹ میں ان کے حامیوں کے نام نہیں ڈالے گئے تو وہ انتخاب میں امیدواروں کی تشہیر نہیں کریں گے اور بیرون ملک چلے جائیں گے۔

دراصل انبالہ کینٹ سٹی کونسل میں کونسلر امیدواروں سے متعلق ایک لسٹ وزیر توانائی انل وِج نے پارٹی کو بھیجی تھی۔ اس میں وِج کے حامیوں کے نام شامل تھے۔ لیکن جب کل جاری کی گئی لسٹ میں وِج کے 16 حامیوں کے نام نہیں تھے، تو آج صبح انھوں نے اپنے حامیوں اور کارکنان کی میٹنگ طلب کی۔ انھوں نے جاری لسٹ پر اعتراض بھی ظاہر کیا۔ اس کے بعد لسٹ کو فی الحال ہولڈ کر دیا گیا ہے۔ وِج کی ناراضگی کو دیکھتے ہوئے لسٹ میں ترمیم کا امکان ہے۔

انل وِج نے پارٹی ہائی کمان کے سامنے ای میل کے ذریعہ صاف کر دیا ہے کہ اگر لسٹ میں ترمیم نہیں کی گئی تو وہ انتخاب میں حصہ نہیں لیں گے۔ یہ تنازعہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے، جب انل وِج ہریانہ کے وزیر اعلیٰ نائب سنگھ سینی اور بی جے پی ریاستی صدر موہن لال بڑولی کے خلاف بیان بازی کرتے آ رہے ہیں۔ اس پر پارٹی انھیں نوٹس جاری کر چکی ہے اور اس کا جواب بھی وِج نے گزشتہ دنوں بھیج دیا ہے۔ انھوں نے اس میں اپنی ہی حکومت پر سوال اٹھائے ہیں۔


Share: