ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / گیانیش کمار کو نئے چیف الیکشن کمشنر کے طور پر مقرر، امت شاہ کے ساتھ کام کر چکے ہیں

گیانیش کمار کو نئے چیف الیکشن کمشنر کے طور پر مقرر، امت شاہ کے ساتھ کام کر چکے ہیں

Tue, 18 Feb 2025 12:15:43    S O News

نئی دہلی ، 18/فروری (ایس او نیوز/ایجنسی )الیکشن کمشنر گیانیش کمار کو ہندوستان کے اگلے چیف الیکشن کمشنر کے طور پر مقرر کیا گیا ہے۔ وہ راجیو کمار کی جگہ لیں گے جو حال ہی میں سبکدوش ہوئے ہیں۔ گیانیش کمار 1988 بیچ کے کیرالہ کیڈر کے آئی اے ایس افسر ہیں اور یہ پہلا موقع ہے کہ انہیں الیکشن کمیشن کی سربراہی کے لیے نئے قانون کے تحت تعینات کیا گیا ہے۔ اس نئے قانون کے تحت الیکشن کمشنروں کی تقرری کے لیے بنائی جانے والی کمیٹی میں چیف جسٹس کی جگہ وزیر داخلہ کو شامل کیا گیا ہے۔

وزیر اعظم نریندر مودی، وزیر داخلہ امت شاہ اور اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی پر مشتمل سلیکشن کمیٹی نے کل پیر  یعنی 17 فروری کو ان کے نام کو حتمی شکل دی اور صدر کو اس کی سفارش کی۔ الیکشن کمیشن میں اپنے دور اقتدار سے قبل گیانش کمار کئی اہم عہدوں پر فائز رہ چکے ہیں۔ ان میں وزارت دفاع میں جوائنٹ سیکرٹری، وزارت داخلہ میں جوائنٹ سیکرٹری اور ایڈیشنل سیکرٹری، وزارت پارلیمانی امور میں سیکرٹری اور وزارت تعاون میں سیکرٹری جیسے عہدے شامل ہیں۔ انہوں نے آئی آئی ٹی کانپور سے سول انجینئرنگ میں B.Tech کی ڈگری حاصل کی ہے۔ انہوں نے بزنس فاننس  اورہارورڈ یونیورسٹی سے ماحولیاتی معاشیات کی تعلیم بھی حاصل کی ہے۔

اس سے قبل گیانش کمار مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کے ساتھ وزارت داخلہ میں کام کر چکے ہیں۔ اگست 2019 میں آرٹیکل 370 کو ہٹانے کے وقت، وہ امت شاہ کی قیادت میں وزارت داخلہ میں کشمیر ڈویژن میں جوائنٹ سکریٹری کے طور پر تعینات تھے۔

مزید یہ کہ 2020 میں انہیں ایڈیشنل سیکرٹری کے عہدے پر تعینات کیا گیا۔ انہوں نے ایودھیا کیس پر سپریم کورٹ کے فیصلے سے متعلق تمام معاملات کو دیکھنے کے لئے وزارت داخلہ میں ایک ڈیسک کی قیادت بھی کی ۔


Share: