ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / ایوان کی کارروائی ملتوی ہونے پر پرینکا گاندھی کی مایوسی: 'لگتا ہے حکومت نے پارلیمنٹ نہ چلانے کا فیصلہ کر لیا ہے'

ایوان کی کارروائی ملتوی ہونے پر پرینکا گاندھی کی مایوسی: 'لگتا ہے حکومت نے پارلیمنٹ نہ چلانے کا فیصلہ کر لیا ہے'

Tue, 25 Mar 2025 16:03:03    S O News

نئی دہلی، 25/مارچ (ایس او نیوز /ایجنسی) کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے لوک سبھا اور راجیہ سبھا کی کارروائی میں مسلسل رخنہ ڈالے جانے پر اپنی ناراضگی ظاہر کی ہے۔ پیر کے روز میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے حکومت نے ایوان کو نہ چلانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ کرناٹک میں مسلم ریزرویشن کے مسئلے پر ہنگامے کی وجہ سے پیر کے روز دونوں ایوانوں کی کارروائی متاثر ہوئی۔ پرینکا گاندھی نے پارلیمنٹ احاطے میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا، ’’ایسا لگ رہا ہے کہ حکومت نے طے کر لیا ہے کہ ایوان کی کارروائی نہیں چلنے دینی۔ کئی دن ہو چکے ہیں، اور وہ کسی نہ کسی بہانے ہنگامہ کھڑا کر رہے ہیں۔‘‘

قابل ذکر ہے کہ کرناٹک اسمبلی نے گزشتہ جمعہ کو اپوزیشن بی جے پی کی سخت مخالفت کے درمیان سرکاری ٹھیکوں میں مسلمانوں کے لیے 4 فیصد ریزرویشن فراہم کرنے والا بل پاس کیا تھا۔ ریاستی کابینہ نے ’کرناٹک عوامی خرید مین شفافیت‘ (کے ٹی پی پی) ایکٹ میں ترمیم کو منظوری دی تھی، جس کے تحت 2 کروڑ روپے تک کے (سول) کاموں اور ایک کروڑ روپے تک کے مال/سروس خرید کانٹریکٹ میں مسلمانوں کو 4 فیصد ریزرویشن کا التزام رکھا گیا ہے۔

پیر کے روز لوک سبھا اور راجیہ سبھا میں رخنہ اندازی والی صورت حال کرناٹک اسمبلی میں ہوئی پیش رفت کو لے کر ہی دیکھنے کو ملی۔ مسلمانوں کو 4 فیصد ریزرویشن اور کرناٹک کے نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار کے بیان پر بی جے پی اراکین پارلیمنٹ ہنگامہ کرتے نظر آئے۔ ان ایشوز پر ہنگامہ کے سبب پہلے لوک سبھا کی کارروائی صبح شروع ہونے کے کچھ منٹ بعد ہی دوپہر 12 بجے تک، اور پھر 2 بجے تک کے لیے ملتوی کرنی پڑی۔ دوسری طرف راجیہ سبھا میں اس معاملے پر ہنگامہ کے سبب اجلاس شروع ہونے کے 10 منٹ بعد ہی دوپہر 2 بجے تک کے لیے ملتوی کر دی گئی۔


Share: