ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / سماجی و تعلیمی سروے جلد جاری، کمزور طبقات کی فلاحی اسکیمیں جاری رکھنے کا عزم: سدارامیا کا اعلان

سماجی و تعلیمی سروے جلد جاری، کمزور طبقات کی فلاحی اسکیمیں جاری رکھنے کا عزم: سدارامیا کا اعلان

Sun, 15 Feb 2026 19:42:17    S O News
سماجی و تعلیمی سروے جلد جاری، کمزور طبقات کی فلاحی اسکیمیں جاری رکھنے کا عزم: سدارامیا کا اعلان

ہاویری، 15/ فروری (ایس او نیوز / ایجنسی) وزیرِ اعلیٰ سدارامیا نے کہا ہے کہ حکومت معاشی اور سماجی طور پر کمزور طبقات کو مضبوط بنانے کے اپنے وعدے پر قائم ہے اور آئندہ بھی غریبوں، خواتین، دلتوں، اقلیتوں اور پسماندہ طبقات کی فلاح کے پروگرام جاری رکھے گی۔ وہ ہاویری کے سرکاری میڈیکل کالج احاطے میں واقع ہیلی پیڈ پر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ اجتماع کسی ’’ہزار دن‘‘ کی محض علامتی تقریب نہیں بلکہ عوام سے کیے گئے وعدوں کی تکمیل کا ثبوت ہے۔ ان کے مطابق حکومت اب تک اپنے وعدوں کے مطابق عمل کرتی آئی ہے اور آئندہ بھی اسی راستے پر گامزن رہے گی۔

وزیرِ اعلیٰ نے بی جے پی کی جانب سے اجتماع کی مخالفت پر ردِ عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن حسد کی بنیاد پر تنقید کر رہی ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ بی جے پی نے اپنے چار سالہ دورِ حکومت میں کوئی قابلِ ذکر کام نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ بی جے پی کو تنقید کا اخلاقی حق حاصل نہیں، کیونکہ 2018 میں کیے گئے 600 وعدوں میں سے 10 فیصد بھی پورے نہیں کیے گئے۔ اس کے برعکس کانگریس حکومت نے اپنے 592 وعدوں میں سے ڈھائی سال کے اندر 243 وعدے پورے کیے ہیں اور باقی وعدوں کی تکمیل کی کوشش جاری ہے۔

انہوں نے رکنِ پارلیمنٹ بی وائی راگھویندر کے اس الزام کو بھی مسترد کیا کہ کانگریس حکومت وعدہ خلاف ہے اور اسے بے بنیاد قرار دیا۔

اقتدار کی تقسیم سے متعلق سوال پر وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ پارٹی قیادت کا فیصلہ حتمی ہوگا اور تمام اراکین کو اس کی پابندی کرنی چاہیے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس موضوع پر پہلے ہی جواب دیا جا چکا ہے اور بار بار سوال نہ کیے جائیں۔

دہلی طلب کیے جانے کے سوال پر انہوں نے کہا کہ اگر قیادت بلائے گی تو وہ ضرور جائیں گے۔ بیدتی-وردا ندیوں کے جوڑنے کے منصوبے پر اُترکنڑا ضلع میں مخالفت کے سوال پر وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ تفصیلی منصوبہ (ڈی پی آر) مرکز کو بھیجا جا چکا ہے اور فیصلہ مرکز کو کرنا ہے۔ تاہم انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کسی بھی معاملے پر بروقت فیصلہ نہیں لے رہی، اس لیے انہیں اس حوالے سے نہ تو یقین ہے اور نہ ہی امید۔

انہوں نے مزید کہا کہ سماجی و تعلیمی سروے کی رپورٹ جلد پیش کی جائے گی، جس کے بعد حکومت مناسب فیصلہ کرے گی۔


Share: