نئی دہلی ، 19/فروری (ایس او نیوز/ایجنسی )قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی اس وقت اپنے دو روزہ سرکاری دورے پر ہندوستان میں موجود ہیں۔ گزشتہ ایک دہائی میں یہ ان کا دوسرا دورہ ہے، اس سے قبل وہ مارچ 2015 میں ہندوستان آئے تھے۔ ان کے حالیہ دورے کے دوران وزیر اعظم نریندر مودی نے پروٹوکول توڑتے ہوئے خود ایئرپورٹ پر ان کا استقبال کیا۔ بعد ازاں، دہلی کے حیدر آباد ہاؤس میں وزیر اعظم نریندر مودی اور امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی کی موجودگی میں دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کے لیے ایک اہم معاہدے پر دستخط کیے گئے۔ آئیے جانتے ہیں کہ امیر قطر کون ہیں اور ان کی شاہانہ زندگی کے بارے میں کچھ خاص باتیں۔
شیخ تمیم کی پیدائش 1980 میں قطر کے سابق امیر محمد بن خلیفہ الثانی کے گھر ہوئی تھی۔ ان کے بڑے بھائی شیخ جاسم نے 2003 میں شاہی تخت سے دستبردار ہونے کا فیصلہ کیا، جس کے بعد تمیم الثانی کو جاںشین بنایا گیا۔ 2013 میں ان کے والد نے تخت شہنشاہی چھوڑ دی اور شیخ تمیم نے قطر کی باگ دوڑ سنبھال لی۔ انہوں نے اپنی ابتدائی تعلیم لندن کے ہَیری اسکول سے حاصل کی اور بعد میں برطانیہ کے معروف رائل ملٹری اکادمی سینڈہرسٹ سے فوجی ٹریننگ حاصل کی۔ 1998 میں گریجویشن کے بعد وہ قطر لوٹے اور فوج میں سیکنڈ لیفٹیننٹ کے طور پر شامل ہوئے۔ 2003 میں جانشین مقرر کیے جانے کے ساتھ ہی انہیں قطر مسلح افواج کے نائب کمانڈر ان چیف کے عہدہ پر فائز کیا گیا۔ اس کے بعد انہوں نے قطر کی سیکورٹی اور اقتصادی پالیسیوں کی تشکیل میں اہم کردار ادا کیا۔
شیخ امیر کو دنیا کے سب سے امیر بادشاہوں میں سے ایک شمار کیا جاتا ہے۔ فوبرس کی رپورٹ کے مطابق وہ دنیا کے آٹھویں سب سے امیر حکمراں ہیں۔ ان کی نجی دولت قریب 2.4 بلین (20000 کروڑ روپے) بتائی جاتی ہے جب کہ الثانی فیملی کی کُل دولت 335 بلین ڈالر (28 لاکھ کروڑ روپے) ہے۔ شیخ تمیم اور ان کی فیملی دوحہ میں واقع ایک بہت ہی عظیم الشان محل میں رہتے ہیں، اس محل کو سونے سے سجایا گیا ہے۔ ان کی جائیدادوں میں 15 سے زائد محل شامل ہیں اور ان کے پاس 500 سے زیادہ مہنگی گاڑیوں کی پارکنگ کی سہولیات دستیاب ہیں۔ 2019 میں انہوں نے عمان میں ایک اور عالیشان محل تعمیر کرایا، جو دوحہ کے رائل پیلیس کی طرح شاندار ہے۔
شیخ تمیم کے پاس ’دی قطارہ‘ نامی ایک بڑا اور قیمتی یاٹ ہے، جس کی لمبائی 124 میٹر ہے اور اس کی قیمت تقریباً 400 ملین (3300 کروڑ روپے) بتائی گئی ہے۔ یہ یاٹ ہیلی کاپٹر پیڈ اور کئی ڈیکس سے لیس ہے جہاں 35 مہمان اور 90 کرو ممبرز رہ سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ قطر شاہی فیملی کے پاس ایک پرائیویٹ ایئرلائن ’قطر امیری فلائٹ‘ ہے جس میں 14 عالیشان ہوائی جہاز ہیں۔ ان میں سے 3 ہوائی جہاز بوئنگ 8-747 ماڈل کے ہیں، ہر ایک کی قیمت 400 ملین ڈالر سے زیادہ ہے۔
شیخ تمیم کو مہنگی کاروں کا بھی بے حد شوق ہے۔ ان کے کلیکشن میں بوگاٹی ڈیو، ویران اور چیرون، لا فیراری ارپتا، لیمبورگنی سینٹیناریو، مرسڈیز اے ایم جی 6x6 اور رولس رائس فینٹم جیسی گاڑیاں شامل ہیں۔ کھیلوں کے تئیں گہری دلچسپی رکھنے والے شیخ تمیم نے 2004 میں ’قطر اسپورٹس انویسٹمنٹس‘ (کیو ایس آئی) کی بنیاد ڈالی۔ 2011 میں اس کمپنی نے فرانس کے مشہور فٹبال کلب ’پیرس سینٹ جرمن‘ (پی ایس جی) کو خرید لیا۔ اس کے علاوہ اکتوبر 2023 میں کیو ایس آئی نے پرتگال کے ٹاپ فٹبال کلب ’ایس سی براگا‘ میں 21.7 فیصد کی حصہ داری بھی حاصل کی۔