ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / گوا کی سیاحت پر اثرات، وزیر سیاحت کا جھوٹے دعووں پر انفلوئنسرز کو تنقید

گوا کی سیاحت پر اثرات، وزیر سیاحت کا جھوٹے دعووں پر انفلوئنسرز کو تنقید

Sat, 04 Jan 2025 12:36:57    S.O. News Service

پنجی، 4/جنوری (ایس او نیوز /ایجنسی)گوا کے وزیر سیاحت روہن کھاؤنٹے نے جمعرات کو سوشل میڈیا پر انفلوئنسرز کو تنقید کا نشانہ بنایا، جن پر گوا کی بدنامی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ بعض کو ریاست کی شبیہ خراب کرنے کے لیے پیسے دیے گئے تھے۔ ایک پریس کانفرنس کے دوران کھاؤنٹے نے کہا، "ہم ایسے انفلوئنسرز کی سخت مذمت کرتے ہیں جو جھوٹ پھیلاتے ہیں تاکہ سیاحوں کی تعداد میں کمی لائی جا سکے۔ یہ اقدام گوا کو بدنام کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔" انہوں نے مزید کہا کہ "اعداد و شمار کے مطابق، ہم نے گزشتہ سال کے مقابلے گھریلو سیاحوں کی تعداد میں اضافہ کیا ہے اور ہم 2025 کو سیاحت کے لیے مزید بہتر سال کی امید رکھتے ہیں۔"

کھاؤنٹے کے مطابق، ’’فائیو اور فور اسٹار ہوٹلوں میں رہائش کی شرح ۱۰۰؍ فیصد کے قریب ہے، اور نچلے زمرے کے ہوٹلوں میں، یہ ۶۰؍ سے ۶۵؍ فیصد ہے۔ اہم بات یہ ہے کہ گوا کی خوبصورتی اور دیگر چیزوں کا موازنہ تھائی لینڈ سے نہیں کیا جا سکتا۔ ہم گوا میں تھائی لینڈ کا تجربہ نہیں کرنا چاہتے۔‘‘ ریاست کو بدنام کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا عزم کرتے ہوئے، کھاونٹے نے کہا کہ ’’ہم نے پہلے ہی اپنی پی آر ٹیم کے ساتھ ایک منصوبے پر کام شروع کر دیا ہے، مکمل اعداد و شمار (سیاحوں کی تعداد) آنے کے بعد ہم مجموعی طور پر عمل درآمد کا منصوبہ لائیں گے۔ اور ان لوگوں کو بے نقاب کریں گے جنہوں نے گوا کی شبیہ کو خراب کرنے کی کوشش کی ہے۔‘‘

یہ تسلیم کرتے ہوئے کہ ٹیکسیوں، ہوٹل کے کرایوں یا کنیکٹیویٹی سے متعلق کچھ مسائل تھے جن کو حل کرنے کیلئے ریاستی حکومت کام کر رہی ہے، وزیر نے کہا کہ ’’نہ صرف ہندوستان میں بلکہ پوری دنیا میں ہر سیاحتی مقام کو کچھ چیلنجز کا سامنا ہے۔ ہم یہاں سیاحوں کی شکایات سننے اور حل کرنے کیلئے موجود ہیں۔ ہمیں اس بات کو یقینی بنانا ہوگا کہ کسی کی طرف سے غلط پیغام نہ جائے۔ معمولی مسائل سے پریشان ہونے کے بجائے اہم مسائل کی جانب توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ کھاونٹے نے مزید کہا کہ کچھ ریستوراں کے مالکان نے انہیں بتایا کہ دوسری ریاستوں کے انفلوئنسرز سوشل میڈیا پر ایک خاص تاثر کو پھیلانے کیلئے ’’’مفت لنچ‘‘ یا ’’مفت قیام‘‘ کا مطالبہ کرتے ہیں۔‘‘ انہوں نے اپیل کی کہ گوا کے انفلوئنسرز گوا کی حقیقی تصویر پیش کریں۔ 

واضح رہے کہ نومبر ۲۰۲۴ء میں، گوا کا سیاحتی انفراسٹرکچر ایک وائرل سوشل میڈیا پوسٹ کے بعد روشنی میں تھا جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ غیر ملکی سیاحوں نے ریاست کو چھوڑ دیا ہے۔ اس پوسٹ کے بعد ردعمل کا ایک سلسلہ شروع ہو گیا۔ کئی لوگوں نے گوا کی سیر کے اپنے منفی تجربات شیئر کئے، حتیٰ کہ کئی لوگوں نے گوا کا موازنہ سری لنکا، تھائی لینڈ اور ویتنام جیسے مقامات سے کیا۔ بعد ازاں گوا حکومت نے کسی ہندوستانی ریاست کا سری لنکا جیسے ملک سے موازنہ کرنے پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔


Share: